جلسوں کے بجائے ’شادی ڈپلومیسی‘، پی ٹی آئی کی پنجاب میں نئی حکمت عملی کیا ہے؟

جمعرات 23 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں سیاسی جلسوں، ریلیوں اور عوامی اجتماعات کے لیے پی ٹی آئی کو مسلسل رکاوٹوں کا سامنا ہے، مگر پارٹی رہنماؤں کی فیملی شادیاں ایک نیا سیاسی پلیٹ فارم بن گیا ہے۔

اس سال اپریل 2026 میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے بچوں کی 4 بڑی شادیوں میں پارٹی کی سینیئر قیادت، کارکنان اور حیران کن طور پر حکومتی اور اپوزیشن شخصیات بھی ایک ساتھ نظر آئیں۔ اب مئی میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر معین قریشی کے بیٹے کی شادی بھی ہونے جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کی مینار پاکستان کے مقام پر جلسے کے لیے درخواست، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی شرکت متوقع

سیاسی مبصرین اسے پی ٹی آئی کی شادی ڈپلومیسی قرار دے رہے ہیں۔ جہاں عوامی سطح پر سیاسی اکٹھ ممکن نہیں ہو رہا، وہاں فیملی تقریبات پارٹی کی اندرونی یکجہتی اور حتیٰ کہ مخالفین کے ساتھ رابطوں کا ذریعہ بن گئی ہیں۔

راجا بشارت کے بیٹے بہروز کمال راجا کی شادی

اپریل کے آغاز میں سابق صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کے بیٹے بہروز کمال راجا کی شادی اسلام آباد میں ہوئی۔ جس میں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس کے علاوہ نعیم پنجوتھا، ولید عامر شیخ، علی ظفر شاہ شیرازی اور فیصل سلطان سمیت درجنوں پارٹی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے، اور تقریب میں سیاسی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد صدیق مہر کی بیٹی کا نکاح

اپریل 2026 میں ہی گوجرانوالہ کے مقامی پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد صدیق مہر کی بیٹی کا نکاح ہوا۔ یہ تقریب مقامی سطح پر بڑا سیاسی اجتماع بن گئی، جہاں حق نواز چیمہ سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

صدیق مہر کی صاحبزادی کا نکاح مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کے بھتیجے میاں بلال امجد کے ساتھ طے پایا۔

تقریب میں میاں جاوید لطیف، خرم دستگیر خان، ایم این اے شاہد عثمان ابراہیم، سابق ضلعی چیئرمین ضلع کونسل مظہر قیوم ناہرا، وائس چیئرمین رانا عامر نذیر، ارمغان سبحانی، طارق سبحانی، تحریک انصاف کے ایم پی اے طارق گجر، لاہور سے شبیر گجر، مسلم لیگ ن کے سٹی صدر سلمان خالد، پومی بٹ و دیگر نے شرکت کی۔

ڈاکٹر نثار احمد کی بیٹی کی شادی

پی ٹی آئی ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد کی بیٹی کی شادی بھی فیصل آباد میں اپریل کے وسط میں ہوئی، جس میں مقامی پی ٹی آئی رہنما اور حامیوں نے بھرپور شرکت کی، جس کی ویڈیوز اور مبارکباد کے پیغامات سوشل میڈیا پر وائرل رہے۔

سابق پی ٹی آئی رہنما سردار آصف نکئی کے بیٹے کی شادی

پی ٹی آئی کے سابق رہنما سردار آصف نکئی کے بیٹے سردار محمد ایان نکئی کے ولیمہ کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں چوہدری پرویز الٰہی نے نا صرف شرکت کی بلکہ موجودہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ملاقات بھی کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی اس شادی میں خصوصی طور پر شرکت کی، اور دونوں رہنماؤں کی مشترکہ تصاویر بھی وائرل ہوئیں، جس سے سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی کہ کیا پارلیمانی روایات اور باہمی احترام اب شادیوں کے ذریعے زندہ رکھا جا رہا ہے؟ اس تقریب میں دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی موجود تھے۔

چوہدری شوکت محمود بسرا کے بھتیجے کی شادی

اس کے علاوہ سینیئر پی ٹی آئی رہنما چوہدری شوکت محمود بسرا کے بھتیجے صائم بسرا کی شادی بھی اپریل کے مہینے میں ہوئی جس میں پرویز الٰہی، پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا اور دیگر صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اپوزیشن لیڈر معین قریشی کے بیٹے کی شادی

اب مئی 2026 میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر معین قریشی کے بیٹے کی شادی ہونے جا رہی ہے، جس میں پی ٹی آئی کی قیادت اور اہم سوشل میڈیا کارکنوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

2025 میں خالد گجر کے بیٹے کی شادی اور عمر اور عثمان ڈار کی بھتجی کی شادی بھی ہوئی، جہاں پی ٹی آئی کے تمام اہم رہنماوں نے شرکت کی تھی۔

کیا پی ٹی آئی شادی ڈپلومیسی کررہی ہے؟

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو پنجاب میں عوامی جلسوں کی اجازت نہیں مل رہی اور رکاوٹیں ہیں، ایسی صورت میں فیملی تقریبات نے پارٹی کی قیادت کو ایک جگہ جمع کرنے کا متبادل راستہ فراہم کر دیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کی متعدد شادیوں میں شرکت، اسپیکر اسمبلی جیسے حکومتی عہدیداروں کی موجودگی اور سیاسی ملاقاتوں سے لگتا ہے کہ شادیوں کا سیزن اب صرف فیملی ایونٹ نہیں رہا بلکہ یہ غیررسمی سیاسی ڈائیلاگ اور پارٹی یکجہتی کا نیا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کی ایران امریکا ثالثی کے بعد پی ٹی آئی پریشان کیوں؟

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب جلسے نہیں ہو سکتے تو ولیمے ہو رہے ہیں کیا یہ حکمت عملی ہے یا اتفاق؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کھیل میں بھی سیاست، ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا

ڈراما سیریل’ڈاکٹر بہو‘ کیوں مشہور ہو رہا ہے؟، ہدایتکار مہرین جبار نے وجہ بتادی

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

کفایت شعاری مہم کے تحت نئی پابندیاں، وفاقی وزرا کا پیٹرول کوٹہ نصف کردیا گیا، اعظم نذیرتارڑ

300 ارب روپے کے بلا سود قرضے، وفاقی حکومت نے کاشتکاروں کے لیے بڑا اعلان کردیا

ویڈیو

مشکل معاشی حالات میں حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

امریکا ایران ڈیل فائنل، پاکستان کو اس سے کیا فائدہ ہوگا؟

وزیراعظم شہباز شریف کی چارٹر آف اکانومی اور چارٹر آف ڈیموکریسی کے لیے اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت

کالم / تجزیہ

سرحدوں سے ماورا یاری: سید بابر علی اور ہرچرن سنگھ

سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے کیوں اہم ہیں؟

ہارڈ اسٹیٹ: گزارا کرنا سیکھیں