ایران کا بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان، استنبول اور مسقط کے لیے فضائی آپریشن ہفتے سے شروع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 24 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران نے جنگ بندی کے بعد تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی مسافر پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق ہفتے کے روز یعنی 25 اپریل سے استنبول اور مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا، جبکہ دیگر ملکی اور غیر ملکی روٹس کے لیے اجازت نامے طلب کے مطابق مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کیخلاف امریکی جارحیت: ہزاروں پروازیں متاثر، لاکھوں مسافر دنیا بھر میں پھنس گئے

امام خمینی ایئرپورٹ سٹی کے سربراہ رامین کاشف آذر نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ جنگ کے باعث معطل ہونے والا فضائی آپریشن اب بحالی کی طرف گامزن ہے اور ایئرپورٹ کا تمام بنیادی ڈھانچہ اور نیوی گیشن سسٹم مکمل طور پر فعال ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جنگ بندی کے دوران ایئرپورٹ صرف کارگو آپریشنز کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے، تاہم اب مسافروں کے لیے بھی تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔

ایران کی قومی ایئر لائن نے اس سے قبل بائیس اپریل کو تہران سے مشہد کے لیے پہلی داخلی پرواز چلا کر ملکی آپریشن کا آغاز کیا تھا، جسے اب مزید وسعت دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے بعد ایرانی جنگ نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے دوہری مشکل کھڑی کردی

 واضح رہے کہ رواں برس فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں اور تہران کے جوابی اقدامات کے بعد ایران کی فضائی حدود متاثر ہوئی تھیں۔ 8 اپریل سے پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد اب زندگی معمول پر آرہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حال ہی میں بیان دیا ہے کہ پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ایران کی جانب سے کوئی جامع تجویز سامنے نہیں آتی۔ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات اور سفارتی کوششوں نے ان پروازوں کی بحالی اور خطے میں امن کی امیدوں کو مزید تقویت دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp