امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک اور سخت بیان دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک متنازع تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ایک رائفل تھامے ہوئے نظر آتے ہیں۔
تصویر کے ساتھ انہوں نے‘No more Mr Nice Guy!’ لکھا اور ایران کو جوہری معاہدے پر جلد فیصلہ کرنے کی دھمکی دی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اپنا مؤقف درست نہیں کر پا رہا اور اسے فوری طور پر غیر جوہری معاہدہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق اگر ایسا نہ ہوا تو صورتحال مزید سخت ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: صدر ٹرمپ کو دھمکی، ساحل پر ‘86 47’ لکھی تصویر شیئر کرنے پر سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر پر مقدمہ
انہوں نے برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس کے بارے میں بھی دعویٰ کیا کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کے خلاف ان سے مکمل اتفاق رکھتے ہیں۔ بکنگھم پیلس نے واضح کیا کہ بادشاہ اپنی حکومت کی دیرینہ پالیسی کے مطابق جوہری پھیلاؤ کی مخالفت کرتے ہیں۔
ٹرمپ نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں غلط رائے رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی برقرار ہے جس کے عالمی معیشت پر اثرات پڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ’اگر ہم نہ ہوتے تو آپ فرانسیسی بول رہے ہوتے‘ کنگ چارلس کا ٹرمپ پر طنز
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مبینہ طور پر نجی طور پر سوال اٹھایا ہے کہ کیا صدر کو درست معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ٹرمپ اور امریکی محکمہ دفاع نے اس جنگ میں کامیابیوں کے دعوے کیے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق طویل کشیدگی سے عالمی منڈیوں اور امریکی معیشت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے اور سیاسی طور پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔














