پاکستان سمیت 10 ممالک کی اسرائیل کے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کی شدید مذمت

جمعہ 1 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

 

پاکستان نے ترکیہ، برازیل، اردن سمیت 10 ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیل کی جانب سے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کو روکے جانے اور اس پر کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

جمعہ کی صبح جاری کیے گئے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان، ترکیہ، برازیل، اردن، اسپین، ملائیشیا، بنگلہ دیش، کولمبیا، مالدیپ، جنوبی افریقہ اور لیبیا کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی جانب جانے والے امدادی قافلے پر اسرائیلی کارروائی کو “حملہ” قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیں:’فریڈم فلوٹیلا میڈلین نے اپنا مقصد حاصل کر لیا ‘

فلوٹیلا میں انسانی امداد اور مختلف ممالک کے سماجی کارکن شامل تھے، جو غزہ کے محاصرے کو توڑنے اور وہاں جاری انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ دلانے کے لیے روانہ ہوا تھا۔ منتظمین کے مطابق یہ قافلہ بین الاقوامی پانیوں میں تھا جب اسے اسرائیلی فورسز نے روک لیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ فلوٹیلا ایک پرامن اور شہری انسانی ہمدردی پر مبنی مشن تھا، جس کا مقصد غزہ میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کو اجاگر کرنا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کی کارروائی اور کارکنوں کی حراست بین الاقوامی قانون اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جبکہ گرفتار افراد کی سلامتی پر بھی شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے۔

وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ تمام زیر حراست کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی امداد کو روکنا اور کارکنوں کو حراست میں لینا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرائے، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائے اور فلوٹیلا میں موجود تمام افراد کی فوری رہائی کے لیے کردار ادا کرے۔

پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی ریاست کی حمایت اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں تک امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ ناقابل قبول ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

تین گنا قیمت، جعلی اور ایکسپائر اشیا، سلمیٰ بٹ کا موٹروے ریسٹ ایریاز پر موجود مارٹس کے خلاف سخت ایکشن

پاکستان اور صومالیہ میں بحری دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

چین کی طرز پر اسلام آباد میں لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر قائم ہوگا، محسن نقوی

پاکستان اور امریکا کا دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

خواتین نے مینگرووز کے جنگلات بحال کرکے دارالحکومت کو سمندر کے خطرات سے بچانا شروع کردیا

ویڈیو

سولر انقلاب کے بعد پاکستان کا اگلا بڑا امتحان، ماہرین کا بیٹری اسٹوریج اور اسمارٹ گرڈز کی اہمیت پر زور

آزاد کشمیر میں اقتدار کی دوڑ تیز، ن لیگ کی سادہ اکثریت، وزارت عظمیٰ کے لیے بڑے نام سامنے آگئے

صومالی وزیرِ دفاع کی نیول اور ایئر ہیڈکوارٹرز آمد، دفاعی شراکت داری، تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے پر اتفاق

کالم / تجزیہ

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر

کشمیر: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

پہلا دروازہ