امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنے سربراہ ایلون مسک کے لیے ایک غیر معمولی مراعاتی منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت اگر وہ مریخ پر کم از کم 10 لاکھ افراد پر مشتمل بستی قائم کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو انہیں کمپنی کے بڑے حصص بطور انعام دیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: انسان کیا اصل میں مریخ پر پیدا ہوئے؟ سائنسدانوں کی حیران کن نئی تحقیق سامنے آگئی
اطلاعات کے مطابق اگر کمپنی کی مالیت ساڑھے 7 کھرب ڈالر تک پہنچ جاتی ہے اور مریخ پر انسانی آبادی کا ہدف حاصل ہو جاتا ہے تو ایلون مسک کو 2 سو ملین خصوصی ووٹنگ والے محدود حصص مل سکتے ہیں۔ کمپنی کی متوقع ابتدائی عوامی پیشکش کے وقت مالیت قریباً ایک اعشاریہ 75 کھرب ڈالر لگائی جا رہی ہے۔
مزید برآں، اگر کمپنی خلا میں ڈیٹا مراکز قائم کرکے بڑی کمپیوٹنگ صلاحیت حاصل کر لیتی ہے تو ایلون مسک اضافی حصص کے بھی اہل ہوں گے۔ کمپنی کے حصص کے ڈھانچے کے باعث ان کے پاس پہلے ہی فیصلہ سازی کا نمایاں اختیار برقرار رہے گا۔
ایلون مسک طویل عرصے سے مریخ پر انسانی بستی قائم کرنے کے حامی ہیں اور اس مقصد کے لیے انہوں نے ہزار خلائی جہازوں پر مشتمل بیڑا بنانے کا تصور پیش کیا تھا تاکہ لوگوں کو مریخ منتقل کیا جا سکے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ ہدف نہایت مشکل دکھائی دیتا ہے۔
مزید پڑھیں:مریخ سے پانی غائب ہونے کا معمہ حل ہونے کے قریب، نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف
امریکی خلائی ادارے کے مطابق مریخ پر انسانوں کی پہلی لینڈنگ آئندہ دہائی کے آخر یا اس کے بعد متوقع ہے اور ابتدائی طور پر محدود تعداد میں افراد کو بھیجا جائے گا۔
ایلون مسک خود بھی کہہ چکے ہیں کہ مریخ پر زندگی خطرناک، محدود اور انتہائی مشکل ہوگی اور وہاں جانے والے افراد کے لیے واپسی بھی یقینی نہیں ہوگی، تاہم ان کے مطابق یہ ایک غیر معمولی اور تاریخی قدم ہوگا۔














