وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’بلوچستان امن چاہتا ہے‘، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا افغان حکومت کو سخت پیغام
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، سینیٹ کے کردار اور اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جمہوری اداروں کے استحکام پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقعے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سینیٹ آف پاکستان ایک باوقار آئینی فورم ہے جو ملک کی تمام اکائیوں کی یکساں نمائندگی کو یقینی بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان بالا قومی ہم آہنگی، جمہوری تسلسل اور وفاق کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’معرکۂ حق‘ میں حاصل ہونے والی تاریخ ساز فتح سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور قوم کی بے مثال یکجہتی کا نتیجہ ہے۔
مزید پڑھیے: بلوچستان میں ڈھائی سالہ اقتدار کا فارمولہ، سرفراز بگٹی کی کرسی خطرے میں؟
ان کا کہنا تھا کہ قوم نے مشکل وقت میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
اس موقعے پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی قومی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مؤثر اور متحرک پارلیمانی نمائندگی قومی یکجہتی کی خوبصورت عکاسی کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: عثمان بزدار کی ڈرائیونگ کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے ساتھ وائرل تصویر، اصل کہانی سامنے آگئی؟
چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ وفاق کی مضبوطی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے اور ایوانِ بالا صوبے کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔














