پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز 30 مئی سے شروع ہوگی، جس کے میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کو اہمیت نہ دینے پر جیسن گلیسپی کی آسٹریلیا پر تنقید

اعلامیے کے مطابق سیریز کے دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچز بالترتیب 2 اور 4 جون کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

پی سی بی نے بتایا کہ تینوں میچز مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے، جبکہ ٹاس شام 4 بجے ہوگا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ 2022 کے بعد آسٹریلیا کا پہلا باہمی ون ڈے دورۂ پاکستان ہوگا۔

اعلامیے میں یاد دلایا گیا کہ آسٹریلیا نے رواں سال بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی گئی تھی اور پاکستان نے سیریز 0-3 سے اپنے نام کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے لیے ٹکٹوں کا اعلان، اس بار قیمتیں کیا رکھی گئی ہیں؟

پی سی بی نے مزید بتایا کہ آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز کے سلسلے میں بھی پاکستان آ چکی ہے، جہاں اس نے 22 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp