دبئی کی فضائی کمپنی ’ایمیرٹس‘ دنیا کی سب سے منافع بخش ایئرلائن برقرار

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دبئی کی قومی فضائی کمپنی ’ایمیرٹس‘ نے مالی سال 2025-26 کے دوران ریکارڈ 5.4 ارب ڈالر سالانہ منافع حاصل کر لیا۔ عالمی سطح پر فضائی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کمپنی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا، اگرچہ مالی سال کے آخری مہینے میں خطے کی جنگی صورتحال نے فضائی آپریشنز کو متاثر کیا۔

دبئی کی معروف فضائی کمپنی ’ایمیرٹس‘ نے مضبوط سفری طلب کے باعث تاریخ کا سب سے زیادہ سالانہ منافع حاصل کر لیا۔ کمپنی کے مطابق مارچ 2026 پر ختم ہونے والے مالی سال میں منافع بڑھ کر 19.7 ارب درہم، یعنی تقریباً 5.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیشی قومی ایئر لائن کو منافع بخش بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا

ایئرلائن نے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا کہ مالی سال کے دوران آمدنی 2 فیصد اضافے کے ساتھ 130.9 ارب درہم تک پہنچ گئی۔ کمپنی کے مطابق مختلف عالمی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے دستیاب فضائی استعداد کو حکمتِ عملی کے تحت استعمال کیا گیا۔

’ایمیرٹس‘ نے اس کارکردگی کو اپنی تاریخ کا ’بہترین منافع‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش ایئرلائن ہونے کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔

دوسری جانب ایمیرٹس  گروپ، جس میں ڈی ناتا بھی شامل ہے، نے 2025 کے دوران بعد از ٹیکس منافع میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، جو 21 ارب درہم تک پہنچ گیا۔ گروپ کی مجموعی آمدنی 150.5 ارب درہم رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔

گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کمپنی کے لیے انتہائی مثبت رہے، جہاں مصنوعات اور خدمات کی مضبوط طلب آمدنی میں اضافے کا باعث بنی۔

یہ بھی پڑھیے امریکی ایئر لائنز کا بڑا فیصلہ، اب مسافروں کو مفت کھانا اور مشروبات نہیں ملیں گے

انہوں نے بتایا کہ 28 فروری کو خطے میں فوجی سرگرمیوں کے باعث خلیجی خطے، خصوصاً متحدہ عرب امارات میں عالمی تجارتی فضائی ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔ تاہم دبئی میں جدید انفراسٹرکچر اور مربوط فضائی نظام کی بدولت حکومت نے کمرشل پروازوں کے لیے محفوظ فضائی راستے جلد بحال کر دیے۔

شیخ احمد کے مطابق ’ایمیرٹس‘ اور ’ڈی ناتا‘ نے دبئی ایئرپورٹ پر مرحلہ وار آپریشنز بحال کر دیے ہیں۔ اگرچہ مسافروں کی گنجائش اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح سے کم ہے، تاہم ضروری اشیا کی ترسیل کے لیے کارگو آپریشنز میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp