شہد کے متلاشی نوجوان کا خطرناک سانپ سے پالا پڑگیا

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست اڑیسہ میں شہد جمع کرنے کے دوران ایک نوعمر لڑکا چٹان کی دراڑ میں پھنس گیا، جہاں اس کے بالکل سامنے ایک زہریلا سانپ بھی موجود تھا۔ ریسکیو ٹیموں نے 8 گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد نوجوان کو بحفاظت نکال لیا۔

بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع نیاگڑھ میں پیش آنے والے ایک خوفناک واقعے نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں ایک نوعمر لڑکا شہد نکالتے ہوئے چٹان کی دراڑ میں پھنس گیا اور کئی گھنٹوں تک ایک زہریلے سانپ کے سامنے بے بسی کی حالت میں پھنسا رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکے کی شناخت شیبا پردھان کے نام سے ہوئی ہے، جو بدھ کے روز اپنے چچا کے ساتھ کانی پاڈا کے جنگلات میں شہد جمع کرنے گیا تھا۔ اسی دوران اس نے چٹان کی ایک تنگ دراڑ کے اندر شہد کی مکھیوں کا چھتہ دیکھا اور شہد نکالنے کے لیے اندر ہاتھ ڈالا۔

یہ بھی پڑھیے جنوبی افریقہ:دریا سے نکالے گئے مگرمچھ کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد

رپورٹس کے مطابق جب شیبا پردھان نے گہرائی میں موجود چھتے تک پہنچنے کی کوشش کی تو اس کا سر چٹانوں کے درمیان پھنس گیا۔ اس کے چچا نے پہلے خود اسے نکالنے کی کوشش کی، پھر گاؤں والوں اور اہل خانہ کو مدد کے لیے بلایا، تاہم تمام کوششیں ناکام رہیں۔ بعد ازاں پولیس اور ریسکیو اداروں کو اطلاع دی گئی۔

اوداگاؤں اور نیاگڑھ سے پولیس اور فائر بریگیڈ کی 2 ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن اس وقت مزید مشکل ہو گیا جب معلوم ہوا کہ دراڑ کے اندر لڑکے کے ساتھ ایک بڑا زہریلا سانپ بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیے بھارتی ریاست بہار: ایک سالہ بچے نے کوبرا کو کاٹ لیا، سانپ ہلاک، بچہ بے ہوش

ایک اہلکار نے بتایا کہ لڑکا تقریباً 8 گھنٹے تک چٹان میں پھنسا رہا، تاہم مسلسل کوششوں کے بعد اسے بحفاظت نکال کر اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے وہ کسی بڑی چوٹ سے محفوظ رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp