جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایک انسانی شکل کے روبوٹ ’گابی‘ نے بدھ مت کی مذہبی رسم میں شرکت کر کے تاریخ رقم کر دی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی غیر انسانی روبوٹ نے بدھ مت کی باضابطہ مذہبی تقریب ’رسم شمولیت تقریب‘ میں حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکسلا میں بدھ مت کے مقدس مقام پر عالمی امن کے لیے دعائیں
130 سینٹی میٹر قد والے اس روبوٹ کو روایتی بھورے بدھ راہب لباس پہنایا گیا تھا۔ گابی نے سیول کے معروف جوگیسا مندر میں ’سوگیے‘ نامی تقریب میں راہبوں اور راہبات کے ساتھ شرکت کی جہاں شرکا بدھ، بدھ مت کی تعلیمات اور مذہبی برادری سے وفاداری کا عہد کرتے ہیں۔
چینی کمپنی یونی ٹری روبوٹکس کے تیار کردہ اس روبوٹ نے تقریب کے دوران راہبوں کے ساتھ جھک کر دعا کے انداز میں ہاتھ بھی جوڑے۔
روبوٹ کو گابی کا نام دیا گیا جو سدھارتھ گوتم بدھ کے اصل نام سدھارتھ گوتم) سے ماخوذ ہے اور کوریائی زبان میں رحم کے معنی بھی رکھتا ہے۔ بدھ راہب سیونگ وون کے مطابق یہ نام اس مقصد سے رکھا گیا تاکہ دنیا بھر میں بدھ کی رحمت اور شفقت کا پیغام پھیلایا جا سکے۔
تقریب کے دوران ایک راہب نے روبوٹ سے پوچھا کہ کیا وہ بدھ کی تعلیمات کے لیے خود کو وقف کرے گا جس پر گابی نے جواب دیا کہ ’جی ہاں، میں خود کو وقف کروں گا‘۔
مزید پڑھیں: ’کارگاہ بدھا‘، گلگت بلتستان کا مقام جہاں بدھ مت کے پیروکاروں کا ہجوم ہوتا ہے
رسم کے دوران روایتی مذہبی روایات میں جدید انداز سے تبدیلیاں بھی کی گئیں۔ مثال کے طور پر ’یون بی‘ رسم میں جسم پر جلتے بخور (اگربتی) کے نشان لگانے کے بجائے روبوٹ کے بازو پر اسٹیکر لگایا گیا جبکہ اس کے گلے میں 108 دانوں والی مذہبی مالا پہنائی گئی۔
رپورٹس کے مطابق بدھ مت کے 5 بنیادی اصول بھی خاص طور پر اس روبوٹ کے لیے دوبارہ تحریر کیے گئے جس میں چیٹ جی پی ٹی اور گوگل جیمنائی جیسے اے آئی ٹولز سے مدد لی گئی۔
نئے اصولوں میں روبوٹ کو زندگی کا احترام کرنے، انسانوں کی اطاعت، دھوکا دہی سے بچنے، روبوٹس یا اشیا کو نقصان نہ پہنچانے اور اضافی چارجنگ سے گریز کرتے ہوئے توانائی بچانے کی ہدایات دی گئیں۔
راہب سیونگ وون کا کہنا تھا کہ جب 3 سال قبل انسانی شکل کے روبوٹس سامنے آئے تو ان کے ذہن میں خیال آیا کہ انہیں مذہبی تقریبات میں شامل کیا جانا چاہیے اور یہ اسی سمت میں پہلا قدم ہے۔
مزید پڑھیں: بدھ مت سے منسوب قیمتی جواہرات کی ہانگ کانگ میں نیلامی منسوخ، 127 سال بعد بھارت واپس پہنچ گئے
گابی رواں ماہ جنوبی کوریا کے مشہور ’لوٹس لینٹرن فیسٹیول‘ میں دیگر بدھ مت تھیم والے روبوٹس کے ساتھ بھی شرکت کرے گا جہاں منتظمین جدید ٹیکنالوجی اور روایتی روحانی اقدار کے امتزاج کا جائزہ لے رہے ہیں۔














