آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے انتظامی مشینری کو متحرک کرنے اور عوامی مفاد کے پیشِ نظر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے 12 اہم افسران کے تقرر و تبادلے کردیے ہیں۔
صدرِ ریاست کی منظوری کے بعد سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت متعدد اسسٹنٹ کمشنرز اور ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنرز کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ہائیکورٹ آزاد کشمیر: 13 ویں آئینی ترمیم اور صدارتی انتخاب میں تاخیر کیخلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے منظور
جاری کردہ احکامات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر حد بندی جنگلات مزمل حسین کو تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر تھوڑاڑ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چڑھوئی کے عہدے پر کام کرنے والے نزاکت حسین اب اسسٹنٹ کمشنر بلوچ کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ آف ریونیو سے منسلک وحید اسلم کو اسسٹنٹ کمشنر خورشید آباد، سرفراز احمد شاہ کو اسسٹنٹ کمشنر دھولیہں جٹاں، اور ارباب شاہین کو اسسٹنٹ کمشنر ریڑہ تعینات کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کوٹلی آزاد کشمیر کے لیے دانش اسکول کی منظوری، نوٹیفکیشن جاری
اسی طرح امجد قادر کو اسسٹنٹ کمشنر چھکار، محی الدین کو اسسٹنٹ کمشنر چڑھوئی اور یاسر علی بخاری کو اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ انتظامی ردوبدل کے اسی تسلسل میں ڈاکٹر محمد راشد خان کو کہوٹہ سے تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر مظفر آباد (رورل) لگایا گیا ہے، جبکہ سید قمر حسین شاہ کو حویلی، راجہ ایاز احمد خان کو تراڑکھل اور عامر اعجاز عباسی کو اسسٹنٹ کمشنر لیپہ تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
سیکشن آفیسر سروسز زاہد مقبول اعوان کے دستخطوں سے جاری ہونے والے اس حکم نامے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جس کا مقصد انتظامی امور میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔














