ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے معرکہ حق ’بنیان المرصوص‘ کی پہلی سالگرہ کے موقعے پر اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام 3 روزہ خصوصی تقریبات کے آغاز کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق کی یاد میں لاہور میں 3 روزہ تقریبات کا انعقاد
انہوں نے بتایا کہ پاکستان مونومنٹ پر 10 مئی کو معرکۂ حق کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں سول سوسائٹی، میڈیا شخصیات، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور سینئر افسران شرکت کریں گے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے عوام کے ساتھ انٹریکٹو سیشن بھی منعقد کیا جائے گا۔
محمد سرفراز ورک نے کہا کہ سوشل میڈیا مہم کے بعد اب عوامی سطح پر تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے اور افواج پاکستان نے اس معرکے میں بہادری کی نئی داستانیں رقم کیں۔
انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایسے تاریخی مواقع بار بار نہیں آتے اس لیے ان تقریبات کا مقصد قومی یکجہتی اور جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک کے مطابق اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ اور حکومت پاکستان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں، گاڑیوں اور بازاروں میں قومی پرچم اور بیجز آویزاں کریں اور قومی تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
محمد سرفراز ورک نے کہا کہ جشن فتح بھرپور انداز میں منایا جائے تاہم ٹریفک قوانین کی پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
مزید پڑھیے: معرکہ حق میں قومی اتحاد اور عسکری کامیابی کی یادگار، بھارت کو بروقت اور مؤثر جواب دیا گیا، عطا اللہ تارڑ
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جشن کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ڈیوٹی انجام دے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر شہریوں میں شرٹس، کیپس اور بیجز بھی تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے معرکۂ حق کی مناسبت سے مختلف مقامات پر خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ پاکستانی قوم نے معرکہ حق میں اتحاد و یکجہتی کی عملی مثال قائم کی اور پوری دنیا کو دکھایا جائے گا کہ پاکستانی قوم اپنی کامیابیوں کو کس جوش و جذبے سے مناتی ہے۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال: راجہ بازار راولپنڈی کے شہریوں کا مودی کو سخت پیغام
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے آئی جی اور دیگر سینیئر افسران بھی تقریبات میں عوام سے خطاب کریں گے۔














