نور زمان نے عالمی اسکواش چیمپیئن شپ 2026 میں شاندار آغاز کرتے ہوئے مصر کے آدم حوال کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے دی۔
مصر میں کھیلے گئے میچ میں نور زمان نے پہلا گیم 11-9 سے جیتا، تاہم آدم حوال نے دوسرا گیم 11-5 سے اپنے نام کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔
مزید پڑھیں: عاصم خان نے ورلڈ اسکواش چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کرلیا
تیسرے اور چوتھے گیم میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں نور زمان نے برتری حاصل کی لیکن مصری کھلاڑی نے دوبارہ مقابلہ برابر کر دیا۔
فیصلہ کن گیم میں نور زمان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 11-8 سے کامیابی حاصل کی اور مجموعی طور پر 11-9، 5-11، 11-7، 9-11 اور 11-8 سے فتح اپنے نام کی۔ یہ سنسنی خیز مقابلہ 55 منٹ تک جاری رہا۔
🇵🇰Noor Zaman is heading to RD2 of the @PSAWorldChamps 🤩
Hear his post match thoughts 🎙️ pic.twitter.com/RvKYdv2RG6
— PSA Squash Tour (@PSASquashTour) May 8, 2026
اس کامیابی کے بعد نور زمان دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا مقابلہ مصر کے محمد ذکریا سے ہوگا۔
22 سالہ نور زمان حال ہی میں اوپٹیشیا اسکواش چیمپیئن شپ میں عمدہ کارکردگی کے بعد عالمی درجہ بندی میں اپنے کیریئر کی بہترین 28ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں۔
مزید پڑھیں: نور زمان اسکواش کے ٹاپ 30 کھلاڑیوں میں شامل، خواتین سمیت دیگر پاکستانیوں کی رینکنگ میں بھی اضافہ
دوسری جانب پاکستان کے محمد عاصم خان کو پانچویں سیڈ جوئل میکن کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کے ایک اور کھلاڑی اشعب عرفان ہفتے کے روز پہلے مرحلے میں سوئٹزرلینڈ کے نکولس مولر کے خلاف میدان میں اتریں گے۔














