بنگلہ دیش اور بھارت کی سرحد پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے 2 بنگلہ دیشی شہری ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بنگلہ دیشی حکام کے مطابق واقعہ جمعے کی رات مشرقی ضلع براہمنباریہ کے قصبہ سرحدی علاقے میں پیش آیا، جو بھارتی ریاست تریپورہ سے متصل ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 20 سالہ محمد مرسلین اور 50 سالہ نبیر حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بنگلہ دیش کا بھارت اور چین کے مہنگے بجلی منصوبوں پر نظرثانی کا فیصلہ
بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کے حکام کا کہنا ہے کہ کچھ بنگلہ دیشی شہری مبینہ طور پر بھارتی اسمگلروں کی مدد سے سرحد عبور کرکے بھارتی حدود میں داخل ہوئے تھے تاکہ ممنوعہ سامان واپس لا سکیں۔
بی جی بی کے 60 ویں بٹالین کے کمانڈنگ افسر لیفٹیننٹ کرنل ایس ایم شرف الاسلام کے مطابق بھارتی بی ایس ایف کی 49 ویں بٹالین نے واپسی پر پاتھریا دوار کے قریب اس گروہ کو روک لیا، جہاں دونوں جانب جھڑپ ہوئی۔ بعد ازاں بھارتی اہلکاروں نے شاٹ گن سے فائرنگ کردی۔
بنگلہ دیشی حکام کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع کومیلا منتقل کیا گیا جبکہ 2 افراد بھارتی ریاست تریپورہ کے بشال گڑھ سب ڈویژنل اسپتال میں دم توڑ گئے۔
بی جی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک افراد کا ماضی میں اسمگلنگ سے تعلق رہا ہے، تاہم مرسلین کے والد حبزو میاں نے کہا کہ ان کا بیٹا گوپی ناتھ پور الحاج شاہ عالم ڈگری کالج کا طالب علم تھا اور واقعے سے کچھ دیر قبل مقامی افراد اسے گھر سے بلا کر لے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات اسمگلنگ اور مالی جرائم کے خلاف تاریخی معاہدے پر دستخط
بنگلہ دیشی حکام نے لاشوں کی واپسی کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں جبکہ بی ایس ایف کو باضابطہ احتجاجی مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے۔ دونوں سرحدی فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سرحدی فائرنگ اور ہلاکتوں کے واقعات بنگلہ دیش اور بھارت کے تعلقات میں عرصہ دراز سے کشیدگی کا باعث رہے ہیں، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں دونوں ممالک سے غیر مہلک اقدامات اپنانے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔














