سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ مہنگائی میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کرتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے جاتی عمرہ میں ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اسحاق ڈار نے نواز شریف کو بجٹ کی تیاریوں اور اہم نکات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کرنا ہونی چاہیے جبکہ مہنگائی میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں استحکام آنے سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف اور ذہنی سکون ملے گا۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایسی معاشی حکمت عملی اپنائی جائے جس سے عام آدمی پر مالی دباؤ کم سے کم ہو۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، ملکی سیاست سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال
ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے۔













