ترکیہ کے ریسٹورنٹ میں 17 سالہ لڑکے کی اندھا دھند فائرنگ، 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی

پیر 18 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے جنوبی صوبے مرسین میں ایک افسوسناک واقعے میں 17 سالہ مسلح نوجوان نے ریسٹورنٹ کے اندر اور باہر اندھا دھند فائرنگ کر کے 4 افراد کو جاں بحق اور 8 کو زخمی کر دیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق یہ ہولناک واقعہ مرسین صوبے کے ضلع ترسوس میں پیش آیا، جہاں حملہ آور نے اچانک ایک ریسٹورنٹ میں داخل ہو کر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ریسٹورنٹ کا مالک اور وہاں موجود ایک ملازم موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ کے اسکول میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ، 8 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق، 13 زخمی

ریسٹورنٹ کے اندر خون کی ہولی کھیلنے کے بعد حملہ آور وہاں سے بھاگ نکلا، تاہم فرار ہوتے ہوئے بھی اس نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران راستے میں آنے والا ایک چرواہا اور ایک ٹرک ڈرائیور بھی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کے فوری بعد مقامی سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ کے اسکول میں فائرنگ، 16 افراد زخمی، حملہ آور نے خودکشی کرلی

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ واردات انجام دینے کے بعد ملزم ایک گاڑی میں بیٹھ کر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزم کی گرفتاری کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

 حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے نوجوان کی شناخت اور اس بزدلانہ حملے کے اصل محرکات ابھی تک سامنے نہیں آسکے ہیں اور معاملے کی گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp