شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 22 دہشتگرد ہلاک

منگل 19 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں آپریشن کیا، اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ خوارج مقامی آبادی کو زبردستی اور دھمکیاں دے کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے رہے تاکہ محفوظ راستہ حاصل کیا جا سکے، جو ایک انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہاکہ علاقے میں چھپے ہوئے خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا، جبکہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم مکمل رفتار سے جاری ہے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp