مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کی سہولت اور سفر کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ روڈز جنرل اتھارٹی نے 3 مختلف المشاعر المقدسہ میٹرو سائٹس پر روڈ کولنگ کے منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ روٹ انیشی ایٹو: حجاج کی سہولت کے لیے جدید اے آئی سسٹمز کا جائزہ
عرب نیوز کے مطابق یہ منصوبہ تقریباً 14 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے جس کا مقصد حج کے دوران ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا اور عازمین کے لیے زیادہ آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کے تحت سڑکوں کی سطح کا درجہ حرارت تقریباً 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسے خصوصی مواد استعمال کیے جا رہے ہیں جو سورج کی حرارت کو جذب کرنے کے بجائے اسے کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اس اقدام سے نہ صرف گرمی کی شدت میں کمی آئے گی بلکہ مصروف ٹرانسپورٹ ہبز اور پیدل چلنے والے علاقوں میں مجموعی ماحولیاتی صورتحال بھی بہتر ہوگی۔
مزید پڑھیے: مکہ اور مدینہ کے درمیان حرمین ریلوے کی سروسز میں اضافہ، حجاج کی سہولت کے لیے اہم قدم
مزید برآں حکام نے ہجرت روڈ پر ایک خصوصی ’روڈ ٹینٹ‘ منصوبہ بھی شروع کیا ہے جو مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر کرنے والے زائرین کو سہولت فراہم کرے گا۔
یہ ٹینٹ ایئرکنڈیشنڈ ہوگا اور اس میں مسافروں کے لیے بنیادی سہولیات جیسے ہلکے کھانے، ٹھنڈے مشروبات اور آگاہی مواد بھی فراہم کیا جائے گا۔ یہ سہولت ساسکو کے اشتراک سے دی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: حج 2025 میں حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں، وزیرِاعظم
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد حجاج اور عمرہ زائرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ انہیں محفوظ، آرام دہ اور سہل سفر میسر آ سکے۔
دوسری جانب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مکہ جانے والی شاہراہوں پر حج سیزن کے دوران 70 ہزار سے زائد گاڑیوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی ہے جو ٹریفک کی روانی اور انتظامی تیاریوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عازمین حج کے مدینہ منورہ پہنچنے کا عمل جاری: ریاض الجنہ کی زیارت، نسک کارڈ کی فراہمی
حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ روڈ نیٹ ورک کی بہتری اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فیلڈ آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔














