پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر ایوانِ صدر مظفرآباد میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں قائم مقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔
یہ بھی پڑھیں:پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ: صدر مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام
تقریب کے دوران پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قائم مقام صدر کو سلامی پیش کی جبکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ اس موقع پر پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں چوہدری لطیف اکبر نے چین، پاکستان اور کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ایک لازوال رشتہ ہے جس پر وقت اور حالات کبھی اثر انداز نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان کو مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا، چین ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہا۔ مسئلہ کشمیر پر بھی چین نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے چین مستقبل میں بھی مسئلہ کشمیر پر بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر جارحیت کے دوران بھی چین نے سفارتی سطح پر پاکستان کی حمایت کی۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو پاک چین دوستی کی بنیاد مضبوط کرنے کا کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر خارجہ اور بعد ازاں وزیراعظم انہوں نے اس تعلق کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس، چینی پارلیمانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے لیے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اہم کردار ادا کیا اور یہ منصوبہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی چین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دلانے میں اپنا کردار ادا کیا جبکہ پاکستان تائیوان کے معاملے پر چین کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے پاک چین تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور شراکت داری کا یہ سفر مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔














