سعودی عرب کی فٹبال لیگ میں آخرکار وہ لمحہ آ گیا جس کا انتظار گزشتہ تین برسوں سے کیا جا رہا تھا، جب دنیا کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی کی بدولت ان کی ٹیم النصر نے سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس فتح کے ساتھ النصر نے 2019 کے بعد پہلی مرتبہ لیگ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جمعرات کے روز سیزن کے آخری میچ میں النصر نے ضمک کے خلاف 1-4 سے شاندار فتح حاصل کی۔
اس میچ میں رونالڈو نے 2 گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو کا جادو چل گیا، النصر کی مسلسل 14ویں فتح، نیا ریکارڈ قائم
ان کی شاندار فارم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ 41 سال کی عمر میں بھی وہ عالمی فٹبال کے بڑے ستاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ رونالڈو نے دسمبر 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر النصر کو جوائن کیا تھا، جس کا مقصد سعودی فٹبال کو عالمی سطح پر متعارف کروانا تھا۔
اس وقت سے اب تک وہ کلب کے لیے تمام مقابلوں میں 129 گول کر چکے ہیں، جبکہ حال ہی میں انہوں نے سعودی پرو لیگ میں اپنے 100 گول بھی مکمل کیے۔
Saudi Arabia's greatest night. 🌙🏆
Cristiano Ronaldo wins his first Saudi Pro League title with Al Nassr — adding another chapter to the most remarkable career in football history.
SIUUUU! 🐐 pic.twitter.com/God65enz6H
— BetUS Sports Nation (@BetUS_Nation) May 21, 2026
اس کامیابی کو سعودی فٹبال کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ گزشتہ کچھ برسوں میں لیگ میں بڑے بڑے عالمی اسٹارز جیسے کریم بینزیما، سادیو مانے اور نیمار کی آمد کے باوجود النصر ٹائٹل سے محروم رہا تھا۔
دوسری جانب سخت حریف الہلال کے ساتھ اس سیزن کا مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا۔
النصر اور الہلال کے درمیان 12 مئی کو ہونے والا میچ سیزن کا فیصلہ کن لمحہ سمجھا جا رہا تھا، جسے دنیا بھر کے 180 سے زائد ممالک میں دیکھا گیا۔
مزید پڑھیں: کیا عظیم فٹبالر رونالڈو فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں؟
اس مقابلے کے بعد ٹائٹل کی دوڑ مزید دلچسپ ہو گئی تھی، تاہم آخرکار النصر نے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
ماضی میں مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور ہووینٹس کے ساتھ بھی لیگ ٹائٹلز جیتنے والے رونالڈو نے اس کامیابی کے ساتھ اپنے کیریئر کا ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
یہ فتح نہ صرف النصر کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے بلکہ سعودی عرب کے کھیلوں کے بڑے منصوبے کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس کا مقصد ملک کو عالمی کھیلوں کے نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔













