وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی کے غیرمعمولی انتظامات کی منظوری دیتے ہوئے گلیوں، محلوں اور ممنوعہ مقامات پر جانوروں کی آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبے بھر میں ’ستھرا پنجاب‘ آپریشن کے تحت خصوصی ویجلینس اسکواڈ، کنٹرول رومز اور ہزاروں اضافی گاڑیوں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی کے فول پروف انتظامات کا جامع پلان منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے گلیوں، محلوں اور ممنوعہ مقامات پر جانوروں کی باقیات اور آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی منظوری دیتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ممنوعہ مقامات پر آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کے لیے خصوصی ویجلینس اسکواڈ بھی قائم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو آلائشیں مناسب مقامات پر تلف کرنے سے متعلق مؤثر انداز میں آگاہ کیا جائے۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ہر شہر میں ڈرینز، کینالوں اور دیگر اہم مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی یقینی بنائی جائے، جبکہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، ریلوے کالونیوں اور کنٹونمنٹ علاقوں میں بھی صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر کی 2687 نمایاں کمرشل مارکیٹوں میں خصوصی صفائی مہم چلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’عیدالاضحیٰ پر صفائی کے لیے تمام اداروں کو ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہوگا۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ بہترین صفائی پر متعلقہ اداروں اور عملے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ شکایات کی صورت میں سخت احتساب ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے عیدالاضحیٰ کے موقع پر، حکومت نے کن سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی؟
اجلاس کو صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ چاند رات کے آخری پہر میں کمرشل مارکیٹوں، مرکزی شاہراہوں اور چوراہوں کی خصوصی صفائی کی جائے گی، جبکہ شہریوں کو آلائشیں ڈالنے کے لیے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگز فراہم کیے جائیں گے۔
’ستھرا پنجاب‘ عملہ گھر گھر جا کر آلائشیں جمع کرے گا جبکہ میونسپل کارپوریشنز اور تحصیلوں میں 15،15 اضافی لوڈر رکشے اور ہر یونین کونسل میں 4 اضافی رکشے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر نمازِ عید کے اجتماعات اور مساجد میں عرقِ گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق ’ستھرا پنجاب‘ ٹیمیں عید سے قبل، عید کے دن اور تیسرے روز تک مسلسل متحرک رہیں گی اور شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے رکشوں پر منادی بھی کی جائے گی۔
صوبہ بھر میں عید صفائی آپریشن میں 1 لاکھ 76 ہزار سینٹری ورکرز اور 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے۔
جانوروں کی باقیات اور آلائشیں جمع کرنے کے لیے 3800 پرائمری کولیکشن سینٹرز، 3100 ڈمپنگ سائٹس اور مجموعی طور پر 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
ڈرینوں کی صفائی کے لیے ڈی واٹرنگ مشینیں، جیٹر سیٹس اور سکشن یونٹس کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عید صفائی آپریشن کے لیے صوبہ بھر میں 4500 خصوصی کیمپ قائم کیے جائیں گے جبکہ اجتماعی قربانی کے لیے مختص 1200 قربان گاہوں پر خصوصی صفائی انتظامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے صوبے بھر میں عیدالاضحیٰ انتظامات مثالی بنانے کی ہدایت: کسی بھی کوتاہی پر زیرو ٹالرنس ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’ستھرا پنجاب‘ آپریشن کے دوران 40 ہزار سے زائد اضافی گاڑیاں استعمال کی جائیں گی، جن میں لوڈر رکشے، منی ڈمپرز، ٹریکٹر ٹرالیاں اور پک اپ گاڑیاں شامل ہوں گی۔
چاند رات سے قبل قبرستانوں کی خصوصی صفائی بھی کی جائے گی جبکہ پنجاب بھر کی 285 مویشی منڈیوں اور 171 سیل پوائنٹس پر صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات ہوں گی۔
شہریوں کی سہولت کے لیے ’ستھرا پنجاب‘ ہیلپ لائن 1139 فعال رہے گی، جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، واسا اور میونسپل کارپوریشنز کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے۔
صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے 11 مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ عید کے تیسرے روز تک تمام کولیکشن پوائنٹس اور ڈسپوزل سائٹس مکمل طور پر کلیئر کر دی جائیں۔














