ایران جنگ: آئندہ چند گھنٹوں میں دنیا کو ’اچھی خبر‘ مل سکتی ہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

اتوار 24 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران جنگ اور جاری سفارتی مذاکرات کے حوالے سے آج اتوار کو کسی اہم پیشرفت یا اعلان کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں دنیا کو ’اچھی خبر‘ مل سکتی ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:’آبنائے ہرمز جلد کھل جائے گی‘،صدر ٹرمپ کا ایران سے امن معاہدے میں بڑی پیشرفت کا دعویٰ

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارکو روبیو نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں امکان موجود ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں دنیا کو اچھی خبر ملے گی۔ تاہم انہوں نے ممکنہ اعلان کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے کا بڑا حصہ طے پا چکا ہے اور اس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے۔ ٹرمپ کے مطابق معاہدے کی حتمی تفصیلات پر کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی امن کوششیں قابلِ تحسین، خطے میں پائیدار استحکام کے لیے پاکستان متحرک، وزیراعظم شہباز شریف

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں جنگی صورتحال کا خاتمہ ہے، تاہم ایران نے واضح کیا ہے کہ کئی اہم امور پر مزید بات چیت درکار ہے۔

ادھر برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا معاہدہ ضروری ہے جو تنازع کا خاتمہ کرے اور آبنائے ہرمز میں غیر مشروط اور آزاد بحری آمد و رفت یقینی بنائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جا سکتے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر علاقائی رہنماؤں کے ساتھ رابطوں میں کہا کہ ترکی ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ ان کے مطابق ترکی ایران سے متعلق کسی بھی ممکنہ معاہدے پر عمل درآمد کے دوران ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی جاری مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقوں کو ایک جامع فریم ورک معاہدے تک پہنچنا چاہیے جو جنگ بندی کو مضبوط بنائے، آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری گزرگاہ یقینی کرے اور خطے کے تمام ممالک کے سکیورٹی مفادات کا تحفظ کرے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی علاقائی رہنماؤں کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو خطے میں امن اور سفارتی حل کے مشترکہ مقصد کے مزید قریب لے جانے والا اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، باہمی احترام اور استحکام کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی جلد اسلام آباد میں کی جا سکتی ہے، جبکہ مختلف علاقائی ممالک سفارتی رابطوں میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp