ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کی مبارکباد؛ اتحاد، قربانی اور قومی یکجہتی پر زور

بدھ 27 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندانِ توحید سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد ملک بھر میں سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: عید سفارتکاری کیا ہے اور پاکستان اسے تعلقات کی بہتری کے لیے کیسے استعمال کرتا ہے؟

صدر، وزیراعظم اور مسلح افواج کی قیادت کے عیدالاضحیٰ پیغامات؛ اتحاد، قربانی اور قومی یکجہتی پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلح افواجِ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے قربانی، ایثار، اتحاد اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ اطاعتِ الٰہی، صبر، اخلاص اور ایثار کا عظیم درس دیتی ہے جبکہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی صرف مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ایک مکمل اخلاقی پیغام ہے اور اصل کامیابی تقویٰ، خدمتِ انسانیت اور خلوص میں مضمر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عید کی خوشیاں اس وقت مکمل ہوتی ہیں جب معاشرے کے محروم طبقات بھی ان خوشیوں میں شریک ہوں۔ انہوں نے یتیموں، بیواؤں، مزدوروں اور سفید پوش افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے قومی زندگی میں برداشت، دیانت داری اور ذمہ داری کے شعور کو ناگزیر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود قومی وحدت کو مقدم رکھنا ہوگا اور محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دینا ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی مکمل سپردگی اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال اطاعت کی یاد تازہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ انسان کو خود غرضی اور ذاتی مفادات سے بلند ہو کر انسانیت کی خدمت، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کا درس دیتا ہے۔

وزیراعظم نے مادر وطن کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو قومی فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر غربا اور مستحق افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا قومی اور دینی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

مزید پڑھیں:عید الاضحیٰ کے دن ایک خوش کن بات

مسلح افواج کی قیادت نے اپنے پیغام میں شہدا، افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ قربانی، ایمان اور یکجہتی کی علامت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے ہمیشہ پرعزم رہیں گی۔

پیغام کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا عیدالاضحیٰ پر قوم کو پیغام: ایثار، بھائی چارے اور محروم طبقات کی مدد پر زور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ عید ایثار، قربانی، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنتِ قربانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ قربانی کرنے والے تمام مسلمانوں کے جذباتِ عقیدت و احترام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ ان کے مطابق عید کا اصل پیغام اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شامل کرنا اور محروم طبقات کو یاد رکھنا ہے۔

مریم نواز شریف نے سرحدوں پر تعینات افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا شکار افراد، خصوصاً کمسن طالبات اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ غربا، یتیموں، مزدوروں اور ضرورت مند افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ عید کا حقیقی پیغام معاشرے میں اجاگر ہو سکے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے عید کے دوران صفائی اور دیگر انتظامی فرائض انجام دینے والے عملے کو بھی سراہا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: بھارت میں عیدالاضحیٰ پر مسلمانوں کو ہراساں کرنے کا سلسہ جاری، ہندوتوا کارکن سور لے آئے

چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں نماز عید ادا کی، ملکی استحکام کے لیے خصوصی دعائیں

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے چوہدری راسخ الٰہی کے ہمراہ گجرات میں مسجد خاتم الانبیاء ﷺ میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔

نماز عید کے بعد ملک پاکستان کے استحکام، سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور گجرات کے شہریوں کی بڑی تعداد نے چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد پیش کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp