عالمی موسم بدلنے لگا، آرکٹک خطے میں غیر معمولی گرمی کی پیشگوئی

جمعرات 28 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ نے جمعرات کو خبردار کیا ہے کہ عالمی اوسط درجہ حرارت اس سال اور آئندہ 4 برسوں تک ریکارڈ یا اس کے قریب سطح پر رہنے کا امکان ہے۔

اقوام متحدہ کے موسمیاتی و ماحولیاتی ادارے کے مطابق 2015 کے بعد سے اب تک کے 11 گرم ترین سال ریکارڈ کیے گئے ہیں اور یہ رجحان جاری رہنے کی توقع ہے۔

 جبکہ 2031 سے پہلے ایک نیا گرم ترین سال سامنے آنے کا قوی امکان موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرین نے عالمی درجہ حرارت میں بڑے اضافے کی پیشگوئی کردی، 140 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ

عالمی ادارۂ موسمیات کے مطابق 2026 سے 2030 کے درمیان 5 سالہ اوسط درجہ حرارت کے 1900-1850 کے صنعتی دور سے پہلے کے اوسط سے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا 75 فیصد امکان ہے۔

یہ پیشگوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مغربی یورپ شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے اور برطانیہ اور فرانس میں مئی کے درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔

عالمی ادارۂ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 5 برسوں میں عالمی اوسط درجہ حرارت ریکارڈ سطح کے قریب یا اس پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق 86 فیصد امکان ہے کہ 2026 سے 2030 کے درمیان کم از کم ایک سال 2024 کو پیچھے چھوڑ کر اب تک کا گرم ترین سال بن جائے گا۔

 ال نینو کا اثر

ماہرین کے مطابق 2026 کے آخر میں ایک نیا ال نینو متوقع ہے، جو 2027 کو ایک اور ریکارڈ توڑ سال بنانے کے امکانات بڑھا دے گا۔

اس سے پہلے بھی ال نینو نے 2023 اور 2024 میں عالمی درجہ حرارت کو بلند ترین سطح تک پہنچانے میں کردار ادا کیا تھا۔

 درجہ حرارت کی پیشگوئی

عالمی ادارۂ موسمیات کے مطابق 2026 سے 2030 کے دوران عالمی اوسط درجہ حرارت 1.3 سے 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

مزید یہ کہ 91 فیصد امکان ہے کہ اس عرصے میں کم از کم ایک سال عارضی طور پر 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے تجاوز کرے گا، جو کہ 2015 کے پیرس ایگریمنٹ کا اہم ہدف ہے۔

مزید پڑھیں:  عالمی درجہ حرارت میں ایک ڈگری کی کمی ثقافتی ورثے کو تباہی سے بچا سکتی ہے، یونیسکو

تاہم، آئندہ 5 برسوں میں کسی بھی سال کے 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ گرم ہونے کا امکان 1 فیصد سے بھی کم ہے۔

 آرکٹک اور بارشوں کے پیٹرن

رپورٹ کے مطابق آرکٹک خطے میں آئندہ سردیوں میں درجہ حرارت اوسط سے 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

اسی طرح 2026 سے 2030 کے دوران بارشوں کے پیٹرن میں بھی تبدیلی متوقع ہے، جس کے تحت ساہل، شمالی یورپ، الاسکا اور سائبیریا میں زیادہ بارش جبکہ ایمیزون میں خشک سالی کے آثار ظاہر ہو سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp