بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ایئر کنڈیشنر سے مبینہ طور پر لگنے والی آگ کے واقعے نے شدید گرمی کے موسم میں گھریلو برقی آلات کی حفاظت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں: نئی دہلی کی رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 9 افراد ہلاک، ایک سالہ بچہ بھی شامل
واقعے کے بعد ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ انتہائی درجہ حرارت، مسلسل استعمال اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی صورت میں ایئر کنڈیشنرز خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں ایک رہائشی مکان میں ایئر کنڈیشنر سے آگ بھڑکنے کے بعد ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس پر ماہرین کہتے ہیں کہ گرمی کی شدت بڑھنے پر اے سی یونٹس پر غیر معمولی دباؤ پڑتا ہے جس سے آگ لگنے یا دھماکے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے ایئر کنڈیشنرز کے خطرناک ہونے کی چند بڑی وجوہات بیان کی ہیں۔
مسلسل طویل استعمال
شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے بغیر وقفے کے چلنے سے کمپریسر اور دیگر پرزے زیادہ گرم ہو سکتے ہیں۔
خراب یا پرانی وائرنگ
کمزور یا ناقص برقی تاریں شارٹ سرکٹ کا سبب بن سکتی ہیں۔
وولٹیج میں اتار چڑھاؤ
بجلی کے اچانک کم یا زیادہ ہونے سے اے سی کے برقی نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
فلٹرز اور وینٹیلیشن کی خرابی
گندے فلٹرز ہوا کے بہاؤ کو متاثر کرتے ہیں، جس سے مشین پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
بروقت سروسنگ نہ ہونا
باقاعدہ دیکھ بھال نہ ہونے سے اندرونی خرابی بڑھ سکتی ہے جو آگ لگنے کا باعث بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیے: ایئر کنڈیشنر لگاتے وقت کن باتوں کو مدنظر رکھا جائے؟
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اے سی کی باقاعدہ سروسنگ کروائیں، غیر معمولی آواز، جلنے کی بو یا زیادہ حرارت محسوس ہونے پر فوری طور پر یونٹ بند کر دیں اور مستند ٹیکنیشن سے معائنہ کروائیں۔
دہلی کا یہ واقعہ ایک واضح یاد دہانی ہے کہ شدید گرمی میں سہولت فراہم کرنے والا ایئر کنڈیشنر اگر مناسب دیکھ بھال سے محروم ہو تو خطرناک حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 11 بج کر 10 منٹ پر جنوبی دہلی کے ہاؤز خاص علاقے میں پیش آیا تھا جب ایک رہائشی مکان میں مبینہ طور پر ایئر کنڈیشنر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔
مزید پڑھیں: : بغیر بجلی چلنے والا نیا کولنگ سسٹم متعارف، ایئر کنڈیشنرز کا متبادل قرار
اس حادثے میں 80 سالہ ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر دھنندر کمار ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہوا۔ ایک اور علیحدہ واقعے میں شاہدرہ کے وویک وہار علاقے میں 3 مئی کی صبح تقریباً 3 بج کر 13 منٹ پر 4 منزلہ عمارت میں مبینہ اے سی دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔














