اسرائیل اور ایران فوری جنگ بندی کے خواہاں ہیں، حتمی معاہدے تک امریکی ناکہ بندی برقرار رہے گی، ڈونلڈ ٹرمپ

پیر 8 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور ایران دونوں فوری جنگ بندی کے خواہاں ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان امن سے متعلق حتمی مذاکرات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیتن یاہو نہیں، فیصلے میں کرتا ہوں؛ اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران سے معاہدہ قریب ہے، ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ اسرائیل اور ایران فوری جنگ بندی کے لیے تیار نظر آتے ہیں اور امن کے حوالے سے حتمی مذاکرات جاری ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ جہالت یا حماقت اس عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ کسی حتمی معاہدے تک امریکی ناکہ بندی بدستور برقرار رہے گی اور پوری قوت کے ساتھ نافذ العمل رہے گی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ معاملات تیزی سے آگے بڑھنے چاہییں اور انہیں امید ہے کہ فریقین جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

مزید پڑھیے: معاہدے سے پہلے ایرانی اثاثے بحال نہیں ہوں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

یورپی تجارتی سیشن کے دوران سامنے آنے والے اس بیان میں ٹرمپ نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ تہران کے ساتھ جامع اور حتمی معاہدے تک ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی پابندیاں اور ناکہ بندی ختم نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: امریکی سینیٹ میں بڑا اَپ سیٹ، ڈونلڈ ٹرمپ کا متنازع امیگریشن بل پاس، اپوزیشن ہکا بکا رہ گئی

صدر ٹرمپ کے بیان کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے تاہم اسرائیل اور ایران کی جانب سے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp