وزارت مذہبی امور نے سعودی حکام کی ہدایات کے مطابق حج 2027 کے انتظامات کی تیاری فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ خواہش مند عازمین کے لیے لازمی رجسٹریشن کا عمل رواں ماہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مدینہ منورہ: مسجد نبویؐ کی لائبریری حج کے بعد آنے والے زائرین کے لیے علم و تحقیق کا مرکز بن گئی
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج 2027 کی رجسٹریشن کے لیے کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 16 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے لہٰذا جو افراد حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں وہ جلد از جلد اپنے پاسپورٹ بنوا لیں یا ان کی تجدید کرا لیں۔
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن مکمل کرنے والے افراد کو بعد میں سرکاری یا نجی حج اسکیم میں شمولیت کا اختیار حاصل ہوگا۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حج 2027 کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
مزید پڑھیے: وفاقی وزیر مذہبی امور کا مدینہ پاکستان ہاؤس کا دورہ، حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پیکیج کے اخراجات، سہولیات اور دیگر شرائط و ضوابط آئندہ حج پالیسی کے تحت بعد میں جاری کیے جائیں گے جبکہ موجودہ مرحلے میں صرف ابتدائی رجسٹریشن پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ سعودی عرب کی جانب سے مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔














