اسحاق ڈار کی سرمایہ کاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

پیر 15 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کے اہم شراکت دار ممالک کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی، جس میں جاری سرمایہ کاری منصوبوں اور مستقبل کے اقتصادی تعاون کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے مختلف دوست اور شراکت دار ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط، تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

تجارت اور سرمایہ کاری خارجہ پالیسی کا اہم ستون

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی ستون ہے اور حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اور عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زیر غور سرمایہ کاری تجاویز اور جاری منصوبوں پر عملدرآمد کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات جلد از جلد حاصل کیے جا سکیں۔

غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ہدایت

اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو ترجیحی شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری کے امکانات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ اقتصادی سفارت کاری کے فروغ اور سرمایہ کار دوست ماحول کی تشکیل کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے دائرہ کار کو وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اعلیٰ حکام کی اجلاس میں شرکت

وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، سیکریٹری دفاع، سیکریٹری اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے سینیئر حکام نے شرکت کی۔

شرکا نے مختلف ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کے جاری منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی اور مستقبل میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اقتصادی سفارت کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp