وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پنجاب اسمبلی آمد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور بعد ازاں بجٹ 27-2026 کے اجلاس میں بھرپور انداز میں شریک ہوئیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بیماری کے بعد پہلی بار منظر عام پر، اہم اجلاس کی صدارت
قبل ازیں پنجاب اسمبلی پہنچنے پر پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے ملاقات کر کے انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ تمام ارکان کی دعاؤں، نیک تمناؤں اور محبت بھرے جذبات پر ان کی شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سب نے میرے لیے دعائیں کیں اور گلدستے بھی بھیجے، جس پر میں دل کی گہرائیوں سے آپ سب کی شکر گزار ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسمبلی میں جس پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا گیا، وہ اس پر بھی تمام ارکان کی ممنون ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب حکومت آج اپنا تیسرا بجٹ پیش کر رہی ہے، تاہم یہ بجٹ سب سے زیادہ مشکل ثابت ہوا کیونکہ پنجاب کو وفاقی حکومت کو 546 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کرنا پڑی۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ موجودہ بجٹ میں سوشل سیکٹر اور انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے عوام کو 80 ارب روپے مالیت کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی میٹرو بس منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کینسر اسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جو صوبے کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ صوبے کے 20 اضلاع میں کیتھ لیبز قائم کی جا رہی ہیں، جن میں سے بیشتر فعال بھی ہو چکی ہیں اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل مالی حالات کے باوجود حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کے بجٹ میں کوئی کمی نہیں کی کیونکہ عوام کا پیسہ صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ ہمارے خزانے کم ہو سکتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے خزانے کبھی کم نہیں ہوتے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں آنے والے بڑے سیلاب کو انتہائی مؤثر انداز میں سنبھالا گیا اور خوشی کی بات یہ ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو نہ صرف ریسکیو کیا گیا بلکہ انہیں ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک مہمان بنا کر رکھا گیا اور ان کی ہر ممکن مدد کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے تاریخی بحالی پیکیج دیا گیا اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ حکومت نے بغیر کسی سیاسی یا ذاتی تفریق کے تمام ارکان اسمبلی کی درخواستوں پر عملدرآمد کیا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 30 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ تمام حلقوں میں یکساں انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے اور کسی علاقے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں برتا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا فائدہ پورا صوبہ اٹھا رہا ہے اور پہلی مرتبہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ گرین الیکٹرک بسوں کا منصوبہ بھی تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
مریم نواز شریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے ہر موقع پر ان کا بھرپور ساتھ دیا اور وہ تمام ارکان اسمبلی کی دل سے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں ہر وقت آپ کی خدمت کے لیے حاضر ہوں اور آپ کے تعاون اور اعتماد کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیاکہ حکومت عوامی خدمت کے سفر کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی اور صوبے کے ہر شہری تک ترقی اور خوشحالی کے ثمرات پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔













