بلوچستان میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے، جبکہ اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے یکم سے 10 محرم الحرام تک مختلف پابندیوں پر مشتمل باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ سینٹرل پولیس آفس کی سفارشات اور محرم کے دوران درپیش سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کے دوران امن و امان کی فضا کو یقینی بنایا جا سکے۔

اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کی تشہیر پر پابندی

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد کی اشاعت، تقسیم اور تشہیر پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

اسی طرح سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ایسا کوئی بھی مواد شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جو امن عامہ میں خلل ڈالنے، فرقہ واریت کو ہوا دینے یا عوام میں اشتعال پیدا کرنے کا باعث بن سکتا ہو۔ ایسے مواد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسلحہ کی نمائش اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت محدود

نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش کرنے اور اسلحہ لے کر چلنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

مزید برآں حساس مقامات، مجالس اور جلوسوں کے راستوں تک مشتبہ افراد کی رسائی محدود کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے امکانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

گداگری، ڈبل سواری اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق احکامات

محرم الحرام کے دوران عوامی مقامات پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ضلع کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی نافذ رہے گی، جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

جلوسوں کے راستوں اور بلند مقامات پر نگرانی سخت

نوٹیفکیشن کے مطابق جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں، بالکونیوں اور دیگر بلند مقامات پر غیر متعلقہ افراد کے کھڑے ہونے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔

اسی طرح کوئٹہ اور نصیرآباد میں وال چاکنگ، بینرز اور پوسٹرز کی تشہیر پر مکمل پابندی نافذ کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز یا نفرت آمیز پیغام کی تشہیر کو روکا جا سکے۔

خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

محکمہ داخلہ بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ جاری کردہ احکامات اور پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 سمیت دیگر متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکومت بلوچستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور تمام حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp