فرانسیسی برانڈ کا مچھر مار کوائل، قیمت جان کر پاکستانی صارفین دنگ رہ گئے

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آپ یقیناً مچھر مار کوائل سے ضرور واقف ہوں گے۔ یہ وہ باریک گول کوائل ہوتی ہے جو ’گلوب‘ یا ’جلیی‘ بھی کہلاتی ہے اور جسے گھروں میں شام کے وقت مچھروں کو بھگانے کے لیے جلایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یہ اتفاق نہیں: مچھر دوسروں کو چھوڑ کر آپ کے ہی پیچھے کیوں پڑجاتے ہیں؟

برسوں سے یہ ایک سستا اور عام گھریلو حل سمجھا جاتا رہا ہے لیکن اب ایک فرانسیسی لگژری برانڈ نے اسی تصور کو ایک مہنگی مصنوعات میں تبدیل کر دیا ہے۔

فرانسیسی خوشبو ساز کمپنی ’ڈیپٹیک پیرس‘ نے محدود تعداد میں سیٹرونیل انسینس (لیمن گراس کی خوشبو والی کوائل) نامی خوشبودار کوائل متعارف کرائی ہے جس کی قیمت سن کر بہت سے لوگ حیران رہ گئے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے فروخت کیے جانے والے 6 کوائلوں کے ایک پیک کی قیمت تقریباً 66 ڈالر ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 15 ہزار روپے بنتی ہے۔ اس حساب سے ایک کوائل کی قیمت تقریباً 11 ڈالر یا 3 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ایک سنہری رنگ کا کوائل ہولڈر بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیے: مچھروں کو ملیریا سے بچانے کے لیے دوا ڈھونڈ لی گئی، آپ بھی چکرا گئے نا!

بھورے رنگ کی ان کوائلوں کے درمیان برانڈ کا مخصوص سانپ نما ڈیزائن موجود ہے اور یہ 3 جوڑوں کی صورت میں پیک کی جاتی ہیں۔ ہر کوائل کا وزن تقریباً 12 گرام بتایا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق کوائل جلانے سے لیمن گراس کی ہلکی خوشبو فضا میں پھیلتی ہے جو پانی کے باغات جیسا پُرسکون ماحول پیدا کرتی ہے۔

برانڈ کا دعویٰ ہے کہ اس کی تازہ اور جڑی بوٹیوں جیسی خوشبو کھلی فضا میں ایک خوشگوار ماحول قائم کرتی ہے اور استعمال کنندگان کو سکون کا احساس دیتی ہے۔

مزید پڑھیں: گوگل کا ’گڈ مچھر بیڈ مچھر‘ نظریہ، امریکا میں لوہے کو لوہے سے کاٹنے کے لیے ’فورس‘ تیار

تاہم کمپنی نے صارفین کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وہ دھوئیں کو براہ راست سانس کے ذریعے اندر نہ لیں جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ اگر دھوئیں سے بچنے کی ہدایت دی جا رہی ہے تو شاید اس کی بو بھی عام مچھر مار کوائل جیسی ہی ہو۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کوئی صارف اس لگژری تجربے کو مزید آگے بڑھانا چاہے تو کمپنی نے ایناملڈ پورسلین سے تیار کردہ ایک خصوصی انسینس ہولڈر بھی متعارف کرایا ہے جس کی قیمت 183 ڈالر یعنی تقریباً 51 ہزار پاکستانی روپے ہے۔

اس کے مقابلے میں عام مچھر مار کوائل کی قیمت انتہائی کم ہے۔ مختلف آن لائن پلیٹ فارمز یا مارکیٹ میں بھی 10 کوائلوں کا پیک تقریباً 90 یا 100 روپے میں بھی دستیاب ہوتا ہے جس کے بعد 15 ہزار روپے مالیت کے کوائل سوشل میڈیا پر مذاق اور تنقید کا موضوع بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: برازیل میں مچھر فیکٹری کا افتتاح، ہر ہفتے 19 کروڑ کی پیداوار، لیکن کیوں؟

انٹرنیٹ صارفین نے اس مصنوعے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے متعدد دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اسے اس مچھر سے حسد ہو رہا ہے جو اتنی مہنگی کوائل کے دھوئیں میں زندگی گزارے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی مغربی برانڈ پر جنوبی ایشیا کی عام مصنوعات یا روایتی اشیا کو نئے انداز میں پیش کرکے مہنگے داموں فروخت کرنے کا الزام لگا ہو۔

اس سے قبل پراڈا کے کولہاپوری سینڈلز، کرسچین لوبوٹاں کی پشاوری چپل اور زارا کی مہنگی لنگیوں نے بھی سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی تھی۔

مزید پڑھیں: ’بہت دیر کی مہرباں آتے آتے‘: آئس لینڈ میں پہلی بار مچھر نمودار، یہ آ کیسے گیا؟

فرانسیسی برانڈ کی جانب سے مچھر مار کوائل کو ایک لگژری پراڈکٹ کے طور پر پیش کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آخر عام گھریلو اشیا کو فیشن اور لگژری کے نام پر غیر معمولی قیمتوں میں فروخت کرنے کا یہ رجحان کہاں جا کر رکے گا؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp