آزاد کشمیر انتخابات: پونچھ کے امیدوار راولپنڈی میں بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے ضلع پونچھ، راولاکوٹ کے پانچوں انتخابی حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور ان کی جانچ پڑتال کے اختیارات جزوی طور پر ڈپٹی الیکشن کمشنر راولپنڈی کو تفویض کر دیے ہیں۔

مزید پڑھیں:آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات، الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستیں شائع کردیں

الیکشن کمیشن کے مطابق راولاکوٹ میں پہلے سے تعینات ریٹرننگ افسران بدستور انتخابی امور سرانجام دیتے رہیں گے، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر امیدواروں کی سہولت اور انتخابی عمل کے بروقت، آزادانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلع پونچھ سے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدوار کاغذات نامزدگی کے اجرا، جمع کرانے، جانچ پڑتال اور دیگر متعلقہ امور کے لیے ڈپٹی الیکشن کمشنر راولپنڈی کے دفتر، پونچھ ہاؤس صدر راولپنڈی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر میں مزید 3 سیاسی جماعتیں رجسٹر، کل تعداد 19 ہوگئی

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 27 جولائی کو کرانے کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری احتجاج کے باعث امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ انتخابی مہم بھی تاحال باضابطہ طور پر شروع نہیں ہو سکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp