پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی برآمدات میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور حکومتی حکام کے مطابق یہ شعبہ ملکی معیشت میں تیزی سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ، نیا ریکارڈ قائم
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی برآمدات 4.2 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں توقع ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے دوران یہ برآمدات ساڑھے 4 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے 12 جون کو پارلیمنٹ میں مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ٹی برآمدات کے 4.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں تقریباً 10 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت یا اے آئی کی مہارتوں کی تربیت دی گئی ہے۔
پاکستان ٹیکنالوجی برآمدات
4.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں! pic.twitter.com/lPVBK1J59B— Khurram Schehzad (@kschehzad) June 17, 2026
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر سالانہ 20 فیصد سے زائد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے اور یہ شعبہ برآمدات میں سب سے تیزی سے بڑھنے والے شعبوں میں شامل ہے۔ حکومت نے قومی مصنوعی ذہانت پالیسی کی منظوری دی ہے جبکہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ کے تحت ڈیجیٹل تبدیلی کا قانونی فریم ورک بھی قائم کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیے: انٹرنیٹ مسائل کے باوجود پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافہ
حکام کے مطابق نیشنل ڈیجیٹل آئی ڈی، نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر اور اوپن ڈیٹا ایکوسسٹم جیسے منصوبے بھی شروع کیے جا چکے ہیں جبکہ مرکزی حکومت، عدلیہ اور پارلیمان بھی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل سے گزر رہے ہیں جس کا مقصد ریاست اور شہری کے درمیان تعلق کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔














