سوئٹزرلینڈ نے یکم جنوری 2019 سے رہائشی اجازت ناموں اور شہریت کے قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے زبان کی اہلیت کے تقاضوں کو سخت اور یکساں بنا دیا ہے، جس کا مقصد پورے ملک میں ایک ہی معیار نافذ کرنا ہے۔ اس پالیسی کا اطلاق خاص طور پر B اور C پرمٹس اور نیچرلائزیشن (شہریت) کے عمل پر کیا گیا ہے۔ یہ اصلاحات ’ریاستی سیکریٹریٹ برائے ہجرت‘ کے تحت نافذ کی گئی ہیں، جس کے بعد زبان کی اہلیت کو باقاعدہ اور معیاری نظام کے تحت جانچنے کا سلسلہ شروع ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:اے آئی کے بڑھتے اثرات، خواتین کی ملازمتیں اگلے 10 سال میں ختم ہو جائیں گی؟
نئے نظام کے تحت ’fide‘ نامی ایک خصوصی زبان ٹیسٹ متعارف کرایا گیا ہے جو اب سوئس حکام کے لیے مرکزی معیار بن چکا ہے۔ اس ٹیسٹ کے ذریعے درخواست دہندگان کی جرمن، فرانسیسی یا اطالوی زبان میں مہارت کو جانچا جاتا ہے۔ یہ ٹیسٹ روایتی پاس یا فیل کے بجائے ایک اسیسمنٹ ہے جس میں امیدوار کی زبان کی موجودہ سطح کا تعین کیا جاتا ہے۔
قوانین کے مطابق مختلف اجازت ناموں کے لیے زبان کی الگ الگ سطح مقرر کی گئی ہے۔ رہائشی B پرمٹ کے لیے زبانی سطح A1 درکار ہے، جبکہ C پرمٹ کے لیے زبانی A2 اور تحریری A1 لازمی ہیں۔ اگر کوئی شخص پانچ سال کے اندر C پرمٹ حاصل کرنا چاہے تو اسے زبانی B1 اور تحریری A1 کا معیار پورا کرنا ہوگا۔ اسی طرح سوئس شہریت حاصل کرنے کے لیے کم از کم زبانی B1 اور تحریری A2 ضروری قرار دی گئی ہے، تاہم بعض کینٹنز اس سے بھی زیادہ سخت معیار مقرر کر سکتے ہیں، جبکہ جنیوا اور ووڈ وفاقی کم از کم معیار پر عمل کرتے ہیں۔

یہ تمام زبان کی سطحیں یورپی معیار سی سی ایف آر کے مطابق ہیں، جس میں A1 بنیادی سطح ہے جہاں فرد روزمرہ کے سادہ جملے سمجھ اور بول سکتا ہے، A2 میں فرد روزمرہ زندگی سے متعلق سادہ گفتگو کر سکتا ہے، جبکہ B1 سطح پر فرد آزادانہ طور پر کام، سفر اور عام حالات میں بات چیت کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ اس نظام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ رہائشی نہ صرف بنیادی زبان سمجھ سکیں بلکہ معاشرتی زندگی میں بھی فعال کردار ادا کر سکیں۔
fide ٹیسٹ 2 حصوں پر مشتمل ہوتا ہے جس میں زبانی امتحان 40 منٹ اور تحریری امتحان 60 منٹ کا ہوتا ہے۔ اس میں روزمرہ زندگی کے عملی حالات جیسے ڈاکٹر کے پاس جانا، دفتر کے معاملات یا مقامی انتظامیہ سے رابطہ شامل ہوتا ہے۔ امتحان کے نتائج تقریباً 4 ہفتوں کے اندر امیدوار کو بھیج دیے جاتے ہیں۔ اس ٹیسٹ کی فیس بھی مقرر ہے، جس کے تحت زبانی حصہ 170 سوئس فرانک، تحریری حصہ 120 سوئس فرانک جبکہ دونوں حصے ایک ساتھ دینے پر مجموعی فیس 250 سوئس فرانک ہے، جو الگ الگ دینے کی صورت میں نسبتاً کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وکلا اور اکاؤنٹنٹس کی ملازمتیں شدید خطرے میں: مائیکروسافٹ اے آئی کے سربراہ کا انتباہ
تاہم ہر امیدوار کے لیے یہ ٹیسٹ لازمی نہیں ہے۔ وہ افراد جو فرانسیسی، جرمن یا اطالوی زبان کے مقامی بولنے والے ہیں وہ اس شرط سے مستثنیٰ ہیں۔ اسی طرح وہ افراد بھی اس سے مستثنیٰ ہیں جنہوں نے کم از کم تین سال سوئس اسکول میں تعلیم حاصل کی ہو یا کسی تسلیم شدہ زبان سرٹیفکیٹ کے حامل ہوں جیسے ڈی ای ایل ایف یا ڈی اے ایل ایف اعلیٰ تعلیم یا ثانوی تعلیم اگر سوئس قومی زبان میں حاصل کی گئی ہو تو بھی یہ شرط لاگو نہیں ہوتی۔
امیدوار fide ٹیسٹ کی تیاری کے لیے زبان کورسز، مشق کے ماڈل ٹیسٹ اور مختلف تربیتی مراکز سے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے لیے کم از کم 15 دن پہلے متعلقہ امتحانی مرکز سے رابطہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ یہ پورا نظام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں رہائش یا شہریت حاصل کرنے والے افراد معاشرتی، تعلیمی اور روزمرہ زندگی میں بہتر طور پر ضم ہو سکیں۔














