یونیورسٹی آف لاہور نے آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمنز فٹبال چیمپیئن شپ جیت لی

اتوار 21 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یونیورسٹی آف لاہور نے پشاور بورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمنز فٹبال چیمپیئن شپ کے فائنل میں ویمن یونیورسٹی لاہور کو 1-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

5 روزہ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کی شرکت

اسلامیہ کالج پشاور کے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے زیر اہتمام ہونے والے 5 روزہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 8 جامعات کی ٹیموں نے حصہ لیا، جس سے کالج اور یونیورسٹی سطح پر خواتین فٹبال کی بڑھتی ہوئی اہمیت اجاگر ہوئی۔

فائنل کے پہلے ہاف تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر تھا، تاہم دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں یونیورسٹی آف لاہور نے فیصلہ کن گول کر کے چیمپیئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔

ٹورنامنٹ میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، سپیریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، یونیورسٹی آف لاہور، گیریژن یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سمیت مختلف اداروں نے شرکت کی۔

بریگیڈیئر مبشر عباسی نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے فاتح ٹیموں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔

تقریب میں دیگر مہمانوں میں نارتھ ویسٹ اسپتال کے چیف کوآرڈینیشن آفیسر ملک لطیف، پشاور بورڈ کے ڈائریکٹر اسپورٹس منظر خان، پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان کرنل ریٹائرڈ نعمان اور اسلامیہ کالج پشاور کے ڈائریکٹر اسپورٹس علی ہوتی بھی شامل تھے۔

خواتین کھیلوں کے فروغ کی جانب اہم قدم

چیمپیئن شپ کا افتتاح ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاالحق نے کیا تھا۔

شرکا اور آفیشلز نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو سراہتے ہوئے اسے ملک میں خواتین کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp