سبز ہلالی پرچم دنیا میں بلند، پاکستان کا کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، پرویز لوسر

منگل 23 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نامور اوورسیز پاکستانی اور ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے بانی چیئرمین پرویز لوسر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار اور سفارتی کوششوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے اور اس کی وجہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک صفحے پر ہونا ہے۔

وی نیوز ایکسکلوسیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ پاکستان آج ایک مضبوط اور مستحکم مقام پر کھڑا ہے، کچھ عرصہ پہلے تک پاکستان کے خلاف مختلف قوتیں سرگرم تھیں، مگر آج صورتحال بدل چکی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا ایران ڈیل: ’تاریخ رقم ہوگئی، پاکستان کی شاندار سفارتکاری نے دنیا کو حیران کردیا‘

انہوں نے کہاکہ دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں سے ایک سوئٹزرلینڈ میں بھی پاکستان کا سبز ہلالی پرچم نمایاں نظر آتا ہے اور یہ پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہے۔

پرویز لوسر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی میڈیا بھی ان کی قیادت کو سراہ رہا ہے۔ ان کے مطابق فرانس سمیت مختلف ممالک کے ذرائع ابلاغ نے انہیں ایک مؤثر عسکری اور سفارتی شخصیت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے یہ ایک قابلِ فخر بات ہے اور وہ خود بھی پاکستان اور اس کے سبز ہلالی پرچم سے گہری محبت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی فوج، سیاسی قیادت، مذہبی حلقے اور میڈیا ملک کے مفادات پر متحد ہیں اور دنیا میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کر رہے ہیں۔

پرویز لوسر نے کہاکہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر میں امن دشمن قوتوں کے خلاف اتحاد کی ضرورت

آزاد کشمیر میں کچھ عناصر کی جانب سے افراتفری پیدا کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں پرویز لوسر نے کہاکہ ان کا دل اس مسئلے پر بہت دکھی ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ انہوں نے یورپ میں کشمیریوں کے حقوق کے لیے مختلف فورمز پر آواز اٹھائی، یورپی پارلیمنٹ میں قراردادوں کی حمایت کی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مسائل اجاگر کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، چند عناصر کی سرگرمیوں کو پورے معاشرے کی نمائندگی نہیں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ مسائل کو تصادم کے بجائے افہام و تفہیم اور دانشمندی سے حل کرنا چاہیے۔ پاکستان دشمن قوتیں مختلف علاقوں میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیں، اس لیے قومی اتحاد اور شعور کی ضرورت ہے۔

پرویز لوسر نے کہاکہ 1999 میں یورپی پارلیمنٹ کے ایک دورے کے دوران انہوں نے فیصلہ کیاکہ جس طرح وہاں فرینڈز آف انڈیا گروپ موجود ہے، اسی طرح وہ فرینڈز آف پاکستان اور فرینڈز آف کشمیر کے پلیٹ فارم قائم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ان کی تمام سرگرمیوں کا مقصد پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا اور اپنے مؤقف کو قانونی اور سفارتی انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے لیے ون ونڈو آپریشن

مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اب ان کی توجہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری پاکستان لانے پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اوورسیز پاکستانی اپنے وطن میں سرمایہ کاری کریں تو ملکی معیشت کو بہت فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: میری زندگی کی 2 اہم ترین شخصیات میں ایک فیلڈ مارشل عاصم منیر ہیں، ان کی قیادت نہ ہوتی توآج ہم یہاں نہ ہوتے، جے ڈی وینس

انہوں نے تجویز دی کہ حکومت ایک مؤثر ’ون ونڈو آپریشن‘ قائم کرے تاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو سرمایہ کاری، جائیداد، صنعت، زراعت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضوں کے مسئلے کا حل ضروری

پرویز لوسر نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے کئی مسائل، خصوصاً جائیدادوں پر قبضے اور سرکاری امور میں پیچیدگیوں کو حل کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق اگر ان مسائل کا مؤثر حل نکال لیا جائے تو بیرونِ ملک پاکستانی بڑی مقدار میں سرمایہ پاکستان لا سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp