غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت رات 12 بجے سے اگلے حکم تک اسلام آباد میں کسی بھی سمت سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق میریٹ ہوٹل اور مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈ زون کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے۔ اسی طرح کورال سے فیض آباد تک اسلام آباد ایکسپریس وے، مری روڈ اور کلب روڈ پر مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورشنز نافذ کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:شاہین چوک انڈر پاس کی تعمیر، اسلام آباد پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا
اعلامیے کے مطابق سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے ڈھوکری چوک تک مکمل طور پر بند رہے گی، جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے اور جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک کی جانب سفر کرنے والے افراد سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو، اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ کے ذریعے کورال جا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد۔
رات 12 بجے سے اگلے حکم تک اسلام آباد میں کسی بھی جانب یا کسی بھی شاہراہ سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔
ماسوائے میریٹ اور مارگلہ روڈ ریڈ زون کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
کورال سے… pic.twitter.com/H8EFXUyomi
— Islamabad Police (@ICT_Police) June 22, 2026
پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا، جبکہ بھارہ کہو اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کر سکیں گے۔
راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والے شہریوں کو کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:غیر ملکی وفود کی آمدورفت: اسلام آباد کی مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز نافذ
ٹریفک پولیس کے مطابق پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹروے، چکری انٹرچینج، چک بیلی روڈ اور روات جی ٹی روڈ کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک روات سے چک بیلی روڈ اور چکری انٹرچینج کے ذریعے موٹروے استعمال کرتے ہوئے ٹیکسلا کی طرف سفر کرے گی۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور مزید معلومات و رہنمائی کے لیے آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سنتے رہیں۔














