بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف 25 اور 26 جون کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشنز کیے، جن میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:وانا: فتنہ الخوارج کی دہشتگردی، توجی خیل قبائل کی بے دخلی اور گاڑیوں پر قبضہ
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران کے علاقے میں دہشتگردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی۔ اس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری کارروائی مستونگ میں کی گئی جہاں ممکنہ خودکش حملے کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں:فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بلوچستان میں ایمبولینسز اور ادویات چھیننے کی کارروائیاں، صوبے میں صحت کا نظام متاثر
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔












