کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار دہشتگرد افغان شہری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان کے 3 بہادر سپوت وطن کے دفاع میں شہید ہو گئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو معاملہ، حکومتی ذرائع نے رینجرز کے استعمال کی تردید کردی
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور شہدا کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشتگرد حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز اہلکاروں نے بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور فرض شناسی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کیا گیا، جس سے دہشتگردوں کے منصوبے ناکام ہو گئے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم وطن پر جان قربان کرنے والے سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشتگردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کار اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔














