مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم سپر ہِٹ ہوگئی، عالمی باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم

پیر 29 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم مائیکل دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی سوانحی فلم بن گئی ہے۔

ہدایت کار اینٹونی فوکوا کی اس فلم نے عالمی باکس آفس پر 977.4 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کرتے ہوئے اوپن ہائیمر کا ریکارڈ توڑ دیا، جس نے مجموعی طور پر 975.8 ملین ڈالر کمائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن کا 43 سال پرانا گانا دنیا کا نمبر ون ٹریک کیسے بن گیا؟

24 اپریل کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم میں مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ اسے لائنس گیٹ نے ریلیز کیا۔

رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ ہفتے کے اختتام پر فلم نے مزید 9.2 ملین ڈالر کا کاروبار کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی آمدنی 977.4 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مائیکل جلد ایک ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کر سکتی ہے، جس کے بعد یہ 2026 کی دوسری فلم بن جائے گی جو یہ سنگ میل حاصل کرے گی۔ اس سے قبل سپر ماریو گلیکسی یہ اعزاز حاصل کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگ آف پاپ کی داستان، فلم ‘مائیکل’ کا فرسٹ لک سامنے آگیا، فلم کب ریلیز ہوگی؟

خاص بات یہ ہے کہ مائیکل نے صرف 46 دن میں یہ ریکارڈ قائم کیا، جبکہ اوپن ہائیمر نے یہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے 6 ماہ سے زائد عرصہ سینما گھروں میں گزارا تھا۔

مائیکل نے 911 ملین ڈالر کمانے والی بوہیمین ریپسوڈی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ تنازعات کے باوجود فلم کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور کئی مداح اسے مائیکل جیکسن کے چاہنے والوں کے لیے محبت کا بہترین خراج قرار دے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp