وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے چڑیا گھروں میں جانوروں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات

بدھ 1 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر کے چڑیا گھروں اور وائلڈ لائف پارکس میں شدید گرمی کے پیش نظر جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے خصوصی سمر گائیڈ لائنز نافذ کر دی گئی ہیں۔

محکمہ جنگلی حیات نے تمام پارکس میں ٹھنڈک، صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ لاہور سفاری پارک میں زرافوں کے لیے آئس فروٹ پاپس بھی متعارف کرا دیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام پارکس اور چڑیا گھروں کے انچارجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جانوروں کے لیے ہنگامی اور مؤثر حفاظتی اقدامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وائلد لائف کے تحفظ کی جانب اٹھایا گیا اہم قدم

مراسلے کے مطابق ہر پنجرے، باڑے اور جانوروں کے رہائشی حصوں میں 24 گھنٹے صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ خوراک اور پانی کو سایہ دار مقامات پر رکھا جائے۔ جانوروں کی تعداد کے مطابق مناسب شیڈز فراہم کرنے اور موسم کی شدت کے پیش نظر اضافی حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ جنگلی حیات نے بندروں، ریچھوں، شیروں اور دیگر ایسے جانوروں کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے جو شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کے رہائشی حصوں میں پنکھے نصب کیے جائیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر ایئر کولرز اور برف کا بھی انتظام کیا جائے۔

اس کے علاوہ شیروں، ریچھوں اور بندروں کے لیے نہانے کے تالاب اور مختلف اقسام کے جانوروں کی ضرورت کے مطابق واٹر اسپرنکلرز نصب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب میں محکمہ وائلڈ لائف حکام کا کریک ڈاؤن، غیرقانونی طور پر رکھے گئے 57 شیر برآمد

سمر گائیڈ لائنز میں جانوروں کی اون کی بروقت تراش خراش، گلوکوز، وٹامن سی اور اینٹی اسٹریسر ادویات کی فراہمی، جبکہ ہیٹ اسٹریس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری ویٹرنری طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت شامل ہے۔

ادھر لاہور سفاری پارک میں زرافوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے آئس فروٹ پاپس فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ جانوروں کے ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹرز نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئس فروٹ پاپس جانوروں کے جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے، صحت بہتر بنانے اور ذہنی سرگرمی برقرار رکھنے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp