الیکشن کمیشن  نے خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم ہدایات جاری کردیں

بدھ 1 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے متعدد اہم احکامات جاری کردیے ہیں۔

سماعت کے دوران خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو طلب کیا گیا تھا، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس کے باعث حاضری سے استثنا کی درخواست کی، جسے الیکشن کمیشن نے صرف آج کی سماعت تک منظور کر لیا۔ کمیشن نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر دونوں افسران کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں تاخیر: الیکشن کمیشن کا خیبر پختونخوا اور اسلام آباد حکام کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

سماعت کے دوران سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ چیف کمشنر نے ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود اور ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلوں کی تعداد سے متعلق نوٹیفکیشن کی منظوری کے لیے سمری وزیراعظم آفس اور کابینہ کو بھجوا دی ہے، جبکہ مجوزہ حدود کے نقشہ جات بھی الیکشن کمیشن کو فراہم کردیے گئے ہیں۔

سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ مطلوبہ 15 اضلاع کے نقشہ جات اور ویلج و نیبرہڈ کونسلوں کے نوٹیفکیشنز میں سے 7 اضلاع کے نوٹیفکیشنز فراہم کر دیے گئے ہیں، جبکہ باقی 8 اضلاع کے نوٹیفکیشن صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد جمع کرا دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان، پولنگ 2اگست کو ہوگی

انہوں نے بتایا کہ محکمہ شماریات کے تعاون نہ کرنے کے باعث 15 اضلاع کے نقشہ جات تاحال فراہم نہیں کیے جا سکے، تاہم دستیاب ہوتے ہی الیکشن کمیشن کے حوالے کردیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی آئندہ سماعت 7 جولائی 2026 مقرر کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعظم کے مشیر سے رابطہ کر کے ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود اور یونین کونسلوں کی تعداد سے متعلق نوٹیفکیشنز کی منظوری جلد یقینی بنائیں۔

کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت چیف سیکریٹری اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کو بھی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا، جبکہ 15 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلع خیبر، کرک، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، ہری پور، مانسہرہ، اپر دیر، چترال، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، ساوتھ وزیرستان اپر، ساوتھ وزیرستان لوئر، سوات اور برسوات کے نقشہ جات فوری طور پر اور آئندہ سماعت سے قبل الیکشن کمیشن کو فراہم کریں، بصورت دیگر انہیں بھی ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی درخواست مسترد، خیبر پختونخوا حکومت کا 180 دن کا مطالبہ رد

اسی طرح محکمہ شماریات کو بھی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا گیا کہ وہ مذکورہ اضلاع کے نقشہ جات صوبائی حکومت کو آئندہ سماعت سے پہلے فراہم کرے، بصورت دیگر ادارے کے نمائندوں کو بھی آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت طلب کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے جن 23 اضلاع میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، وہاں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن ایکٹ کی دفعہ 219(3) کے تحت صوبائی حکومت سے فوری مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp