بینک الفلاح اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے درمیان کلائمیٹ فائنانس معاہدے پر دستخط

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینک الفلاح اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ نے پاکستان میں کلائمیٹ فائنانس کو فروغ دینے کے لیے 5 کروڑ امریکی ڈالر کے سینیئر ٹرم لون معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبوں کے لیے مالی وسائل میں اضافہ اور پائیدار معاشی ترقی کی حمایت کرنا ہے۔

یہ معاہدہ لندن کلائمیٹ ایکشن ویک کے دوران برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے ہیڈکوارٹر میں طے پایا، معاہدے پر بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف باجوہ اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسلی ماسڈورپ نے دستخط کیے، جبکہ پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کا بڑا اعلان، پاکستان کے 11 کاروباری ادارے ’کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر‘ کے لیے منتخب

معاہدے کے تحت بینک الفلاح پاکستان میں ایسے منصوبوں کے لیے مالی معاونت میں توسیع کرے گا جو ماحول دوست، پائیدار اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں معاون ہوں۔

بینک الفلاح کے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں کلائمیٹ فائنانس کے فروغ اور پائیدار شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے بینک کے عزم کی عکاس ہے۔

ان کے مطابق یہ معاہدہ بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی ادارے کے بینک الفلاح کے نظام، گورننس اور مؤثر سرمایہ کاری کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار بھی ہے۔

برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسلی ماسڈورپ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے کلائمیٹ فائنانس تک رسائی میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری موسمیاتی موافقت، موسمیاتی خطرات میں کمی اور زرعی شعبے کے لیے درکار سرمایہ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، جبکہ یہ ادارے کی نئی 5 سالہ حکمت عملی کا بھی حصہ ہے، جس کے تحت کم از کم 40 فیصد نئی سرمایہ کاری موسمیاتی منصوبوں کے لیے مختص کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: گرین جرنلزم ماحولیاتی شعور اور کلائمیٹ جسٹس کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے، عطا تارڑ

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ اگرچہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ہے، تاہم ماحول دوست اور زیادہ مضبوط معیشت کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں۔

ان کے مطابق بینک الفلاح اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کی یہ شراکت داری اس بات کی مثال ہے کہ برطانیہ اور پاکستان موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: یوتھ کلائمیٹ کیٹالسٹس، نوجوانوں کے ٹیکنالوجی سے بھرپور حیرت انگیز اقدامات

ان منصوبوں میں کلائمیٹ اسمارٹ زراعت، جدید آبپاشی کے نظام اور دیگر ماحول دوست کاروباری اقدامات شامل ہیں۔

اس سہولت سے زرعی شعبے سے وابستہ کاروباروں کو بھی فائدہ پہنچے گا، جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں شمار ہوتے ہیں۔

برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ مالی معاونت کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعاون بھی فراہم کرے گا تاکہ بینک الفلاح موسمیاتی منصوبوں کی مؤثر نشاندہی، جانچ اور مالی اعانت کی اپنی صلاحیت کو مزید بہتر بنا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp