چین میں اربوں روپے کی رشوت لینے والے سابق عہدیدار کو سزائے موت سنادی گئی

منگل 7 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کی ایک عدالت نے سابق سرکاری عہدیدار یانگ یولِن کو بڑے پیمانے پر رشوت لینے کے الزام میں سزائے موت سنا دی ہے۔ 69 سالہ یانگ پر 3 دہائیوں کے دوران 2.2 ارب یوآن سے زائد رشوت لینے کا الزام ثابت ہوا۔

یانگ یولِن نے 1993 سے 2023 تک چین کے شہر نانجنگ میں مختلف سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ عدالت نے انہیں رشوت لینے کے علاوہ سرکاری فنڈز میں خردبرد، اختیارات کے ناجائز استعمال اور منی لانڈرنگ کا بھی مجرم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے میانمار فراڈ اسکیمز سے منسلک 11 افراد کو موت کی سزا دے دی

سرکاری میڈیا کے مطابق یانگ نے رقم اور قیمتی اشیا کے عوض اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے مختلف افراد کو تعمیراتی منصوبوں کے ٹھیکے، زمین کی منتقلی اور مالی سہولیات حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔

عدالت کے مطابق 2014 سے 2016 کے دوران یانگ اور اس کے ساتھیوں نے 12 ملین یوآن کے سرکاری فنڈز میں خردبرد کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے غیر قانونی فوائد حاصل کرنے کے لیے دیگر سرکاری اہلکاروں کو 25 ملین یوآن سے زائد رشوت دی، 15 ملین یوآن کے عوامی فنڈز کو نجی کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا اور غیر قانونی زمین کی کارروائیوں کے ذریعے ریاست کو بھاری مالی نقصان پہنچایا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by The Headlines (@headlines.ban)

یانگ کے خلاف کارروائی چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کے تحت کی گئی، جس میں فوج، بینکاری اور دیگر شعبوں کے متعدد عہدیداروں کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چینی نژاد آسٹریلوی مصنف ڈاکٹر یانگ کو سزائے موت کیوں؟

چانگ ژو شہر کی عدالت نے قرار دیا کہ یانگ کے جرائم انتہائی سنگین نوعیت کے تھے اور ان سے ریاست اور عوام کو غیر معمولی نقصان پہنچا۔

چین میں سفید پوش جرائم میں سزائے موت کے فیصلے کم ہی سامنے آتے ہیں، تاہم ایک ارب یوآن سے زیادہ مالیت کی بدعنوانی کے بعض مقدمات میں ایسی سزائیں دی جاتی ہیں۔

 اس سے قبل سابق چینی مالیاتی عہدیدار لائی شیاؤ من کو 1.8 ارب یوآن رشوت لینے کے جرم میں 2021 میں پھانسی دی گئی تھی، جبکہ اندرونی منگولیا کے سابق اہلکار لی جیان پنگ کو 2024 میں بدعنوانی کے جرم میں سزائے موت دی گئی۔

عدالت نے بتایا کہ یانگ نے جرم کا اعتراف کیا اور آخری بیان میں پشیمانی کا اظہار بھی کیا، تاہم عدالت کے مطابق جرائم کی سنگینی کے باعث ان کی جانب سے تفتیش میں تعاون بھی سزا میں نرمی کے لیے کافی نہیں تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp