امریکا، ایران کشیدگی کے اثرات، فضائی سفر مہنگا: 45 فیصد امریکیوں نے چھٹیاں منانے کا فیصلہ منسوخ کر دیا

جمعرات 9 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں رواں سال گرمیوں کے سیاحتی سیزن پر بڑھتی مہنگائی، فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں اور ایندھن کے اخراجات نے منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ حالیہ سروے کے مطابق تقریباً 45 فیصد امریکی اس سال گرمیوں کی تعطیلات منانے سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ فضائی سفر اور سڑک کے ذریعے سفر دونوں پہلے کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہو چکے ہیں۔

این پی آر، پی بی ایس نیوز اور مارسٹ کالج کے مشترکہ سروے میں بتایا گیا ہے کہ تعطیلات نہ منانے والوں کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب امریکی ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (TSA) کے مطابق 4 جولائی کی تعطیلات کے دوران ہوائی اڈوں سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.3 فیصد کم رہی، جو سفری سرگرمیوں میں سست روی کی واضح علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیے ایران کیخلاف امریکی جارحیت: ہزاروں پروازیں متاثر، لاکھوں مسافر دنیا بھر میں پھنس گئے

ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی نے عالمی تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کر دیا ہے۔ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد اضافے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فضائی کرایے اور ایندھن مزید مہنگا ہو سکتا ہے، جس سے سفری اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔

امریکی محکمہ محنت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال فروری کے بعد سے فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں 8.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی صورتحال کے باعث یونائیٹڈ ایئرلائنز نے کرایوں میں 20 فیصد تک اضافے کا عندیہ دیا، جبکہ امریکن ایئرلائنز نے اگست اور ستمبر کے دوران بعض پروازیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کم لاگت والی اسپرٹ ایئرلائنز بھی بڑھتی ایندھن کی قیمتوں اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث اپنے آپریشنز بند کر چکی ہے۔

یورپی فضائی کمپنیاں بھی اس بحران سے محفوظ نہیں رہیں۔ لوفتھانزا اور برٹش ایئرویز نے ایندھن کے بڑھتے اخراجات کے باعث پروازوں میں کمی اور ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے، جبکہ روس، ایران، عراق اور لبنان کی فضائی حدود پر پابندیوں نے کئی کمپنیوں کو طویل راستے اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے، جس سے ایندھن کی کھپت اور آپریٹنگ اخراجات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے 55 فیصد امریکی شہری مالی حالات بگڑنے سے فکرمند، حالیہ مہنگائی سے نظام زندگی متاثر

ادھر فضائی سفر مہنگا ہونے کے باعث امریکی شہری بڑی تعداد میں سڑک کے ذریعے سفر کو ترجیح دے رہے ہیں، اگرچہ امریکا میں پیٹرول کی اوسط قیمت اب بھی فروری کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہی تو تیل، فضائی کرایوں اور سفری اخراجات میں مزید اضافہ عالمی سیاحتی صنعت کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp