فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل سے قبل مراکش کو بڑا دھچکا لگا ہے، ٹیم کے اسٹار فارورڈ اسماعیل صیباری ہیمسٹرنگ انجری کے باعث فرانس کے خلاف اہم میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026: کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی 8 ٹیموں کی عالمی رینکنگ کیا ہے؟
مراکش کے ہیڈ کوچ محمد وہبی نے تصدیق کی کہ صیباری کینیڈا کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں زخمی ہوئے تھے اور مکمل فٹنس حاصل نہ کرنے کے باعث بوسٹن میں ہونے والے کوارٹر فائنل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
اسماعیل صیباری رواں ورلڈ کپ میں مراکش کے نمایاں کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نے گروپ مرحلے کے تینوں میچوں میں گول کیے، جبکہ نیدرلینڈز کے خلاف پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فیصلہ کن پنالٹی بھی اسکور کی۔ حال ہی میں وہ نیدرلینڈز کے کلب پی ایس وی آئندھوون سے قریباً 5 کروڑ یورو کے معاہدے کے تحت جرمن کلب بائرن میونخ میں شامل ہوئے ہیں۔
🇲🇦🗣️ Mohamed Ouahbi :
« Tout le monde est disponible, sauf Ismael Saibari. Ce match arrive un peu trop tôt pour lui. Mais il ne sera pas forfait pour la suite de la compétition, je l’espère. » pic.twitter.com/H2hjXSh7cd
— Le360 (@Le360fr) July 8, 2026
محمد وہبی نے امید ظاہر کی کہ اگر مراکش سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے تو صیباری کی ٹیم میں واپسی ممکن ہو سکتی ہے۔
ادھر صیباری کی عدم موجودگی میں اسٹرائیکر سفیان رحیمی کے فرانس کے خلاف ابتدائی ٹیم میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ رحیمی نے کینیڈا کے خلاف میچ میں بطور متبادل میدان میں آ کر مراکش کا تیسرا گول کیا تھا۔
مزید پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل، مراکش، ناروے اور سوئٹزرلینڈ کی شاندار پیش قدمی
مراکش کی ٹیم 2022 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں فرانس کے ہاتھوں 2-0 کی شکست کا بدلہ لینے کے لیے میدان میں اترے گی۔
دوسری جانب ریال میڈرڈ سے تعلق رکھنے والے مراکشی اسٹار ابراہیم دیاز نے کہا ہے کہ فرانس مضبوط حریف ضرور ہے، لیکن ان کی ٹیم کسی بھی حریف کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔














