وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں ثقافتی تعاون، فنونِ لطیفہ کے فروغ اور باہمی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے مختلف عوامی اور ثقافتی اقدامات کو سراہتے ہوئے پنجاب فلم سٹی اور تھیٹر کی بحالی کے منصوبوں کی تعریف کی۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور امریکی قونصلیٹ کی پولیٹیکل اینڈ اکنامک ایڈوائزر صدف سعد بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے ثقافتی تعاون، فنونِ لطیفہ کے فروغ اور باہمی شراکت داری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں:عظمیٰ بخاری کی پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پر تنقید، سوشل میڈیا الزامات کا جواب دے دیا
امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح، ثقافت اور آرٹس کے شعبے میں اقدامات کو سراہتے ہوئے پنجاب فلم سٹی کے قیام اور پنجاب میں تھیٹر کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات میں لاہور میں امریکی فنکاروں اور الحمراء آرٹس کونسل کے درمیان مشترکہ شراکت داری قائم کرنے اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پنجاب میں شروع کیے گئے مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین، طلبہ اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان بھارتی دھمکیوں کو اب میمز سمجھتا ہے، عظمیٰ بخاری کا مودی پر طنزیہ وار
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ 70 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو اپنی رہائش کا خواب پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے اختتام پر وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب اور امریکی قونصلیٹ لاہور نے ثقافت، فنون اور تخلیقی سرگرمیوں کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔













