پاکستان، کروشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور لیبر موبیلیٹی بڑھانے پر اتفاق،اسحاق ڈار کی کروشئین ہم منصب کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 9 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، لیبر موبیلیٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان موجودہ تجارتی حجم استعداد سے کم ہے، جسے بڑھانے کے لیے بزنس ٹو بزنس روابط اور تجارتی فورم کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ طویل عرصے بعد کروشیا کی جانب سے پاکستان کا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سے کروشیا کے وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور آئی ٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ دونوں وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات انتہائی مثبت، تعمیری اور جامع رہے، جن میں پاکستان اور کروشیا کے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان اور کروشیا نے تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، زراعت، لیبر موبیلیٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ مشاورتی نظام کو فعال رکھتے ہوئے رواں سال کی آخری سہ ماہی یا 2027 کی پہلی سہ ماہی میں باقاعدہ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تجارتی حجم میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، تاہم یہ اب بھی دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت سے کہیں کم ہے۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دینے، نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے اور مستقبل میں مشترکہ تجارتی و سرمایہ کاری فورم کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان میں کام کرنے والی کروشین کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو سراہتے ہوئے کروشیا کے نجی شعبے کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع، جدید بندرگاہیں، خصوصاً کراچی پورٹ، اور بہتر رابطہ نظام خطے اور اس سے آگے تجارتی سرگرمیوں کے لیے غیر معمولی مواقع فراہم کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط میں اضافہ، باقاعدہ مشاورت اور کاروباری تعاون مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کروشیا کے وزیر خارجہ پہلی بار ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ کروشیا کی متعدد کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، جن میں پن بجلی گھروں کے لیے آلات اور توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی شامل ہے، جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔

کروشین وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک دواسازی، صحت، آئی ٹی، میری ٹائم، سیاحت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کروشیا کو یورپی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک اہم گیٹ وے قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں کروشیا کے ذریعے وسطی اور جنوبی یورپ کی منڈیوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کروشیا بارودی سرنگوں کی صفائی، شہری تحفظ، ہنگامی امداد، فائر فائٹنگ، بحران سے نمٹنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے شعبوں میں بھی مہارت رکھتا ہے، جن میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے، رابطوں کو مضبوط بنانے اور توانائی، ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کروشیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، بھارتی مؤقف مسترد کرتے ہیں، خواجہ آصف

ایس اینڈ پی کا پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ، پاکستان اب کس کیٹیگری میں آگیا ہے اور اس کا فائدہ کیا ہوگا؟

کشمیری مہاجرین کی 12 اسمبلی نشستیں: تاریخ، آئینی حیثیت اور موجودہ تنازع

دبئی کی نئی ’دبئی انوائٹ اسکیم‘ کیا ہے؟ پاکستانی اس سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟

میرپور ڈویژن کے ووٹرز بلا خوف و خطر ووٹ ڈالیں، شفاف اور پرامن انتخابات کے تمام انتظامات مکمل، چیف الیکشن کمشنر

ویڈیو

جمہوری عمل ہی مسائل کا حل، آزاد کشمیر کے شہری ووٹ ڈالنے کے لیے پُرعزم، بھرپور جوش و خروش

آزاد کشمیر میں الیکشن کا پہلا مرحلہ، میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری، سخت سیکیورٹی انتظامات

پہلا ٹیسٹ: پہلی انگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 311 رنز پر آؤٹ، محمد علی کے 4 شکار

کالم / تجزیہ

دو ہم سفر دو ہم عصر: منیر نیازی اور محمد سلیم الرحمان

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں