طوفان ’باوی‘ کی آمد، چین میں شدید بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری

اتوار 12 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین نے سمندری طوفان ’باوی‘ کے مشرقی ساحل سے ٹکرانے سے قبل شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں بارشوں کا اعلیٰ ترین ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کئی صوبوں میں موسلادھار سے انتہائی شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق چین کے قومی موسمیاتی مرکز نے ہفتے کے روز شدید بارشوں کے لیے 4 درجوں پر مشتمل انتباہی نظام کا اعلیٰ ترین ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’باوی‘ کے اتوار کی علی الصبح مشرقی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں غیر معمولی بارشیں متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں تباہ کن بارشوں کے بعد سپر طوفان ’باوی‘ کا خطرہ، بھارت میں بھی مون سون نے تباہی مچا دی

قومی موسمیاتی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ اتوار دوپہر 2 بجے تک کے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار اور بعض مقامات پر انتہائی شدید بارشیں ہوں گی، جس سے شہری علاقوں میں سیلاب، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ژی جیانگ، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی، جنوبی آن ہوئی، بیجنگ کے بعض علاقوں اور صوبہ ہیبئی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی اور جنوبی ژی جیانگ کے بعض علاقوں اور شمالی فوجیان میں مجموعی بارش 250 سے 500 ملی میٹر تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ تائیوان کے وسطی اور شمالی علاقوں میں 250 سے 800 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو سیلابی صورتحال پیدا کرنے کے لیے کافی ہے۔

چینی حکام نے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے، ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے اور عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین کے گوانگ شی میں طوفانی بارشوں سے تباہی، امدادی اور بحالی کی کارروائیاں تیز

ماہرین کے مطابق طوفان ’باوی‘ کے ساتھ آنے والی تیز ہوائیں اور شدید بارشیں مشرقی چین کے ساحلی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر کر سکتی ہیں، جبکہ زرعی اراضی، ٹرانسپورٹ کے نظام اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp