خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے 2 روزہ او آئی سی وزارتی کانفرنس اسلام آباد میں شروع، 57 ممالک کی شرکت

اتوار 12 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی میزبانی میں آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن ’او آئی سی‘ کی خواتین سے متعلق 9 ویں وزارتی کانفرنس اتوار کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں تکنیکی سطح کے اجلاسوں کے ساتھ شروع ہو گئی ہے۔

وزارتِ انسانی حقوق کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس 2 روزہ کانفرنس کا موضوع ’او آئی سی ممالک میں خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی خود مختاری، چیلنجز اور آگے کا راستہ‘ رکھا گیا ہے۔

مسلم ممالک کے مندوبین کی بڑی شرکت

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک سے تعلق رکھنے والی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور نمائندوں سمیت تقریباً 190 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:او آئی سی کی خواتین سے متعلق وزارتی کانفرنس، اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں تیاریوں کا جائزہ

کانفرنس کا بنیادی مقصد خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی شرکت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

اجلاس میں خواتین کی تعلیم، صحت، روزگار، کاروبار، مالیاتی خدمات، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مواقع تک رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اہم سفارشات اور وزیراعظم کا افتتاح

میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کو تکنیکی ماہرین اور سینیئر حکام نے اجلاس میں ان سفارشات کو حتمی شکل دی جو پیر کو وزراء کے سامنے غور کے لیے پیش کی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف پیر کو اس وزارتی سیشن کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، جبکہ وزیرِ قانون و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ پاکستان کی جانب سے کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ بھی شریک ہوں گی۔

’اسلام آباد اعلامیہ‘ اور پاکستان کی صدارت

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان اگلے 2 سال کے لیے مصر سے ’او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین‘ کی صدارت باقاعدہ طور پر سنبھالے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس اعلیٰ سطح کے فورم کو خواتین کو بااختیار بنانے اور ایک جامع معاشرے کی تعمیر کے لیے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔

مزید پڑھیں:او آئی سی کی خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق وزارتی کانفرنس کا کل آغاز، غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع

یہ کانفرنس ’اسلام آباد اعلامیہ‘ کی منظوری کے ساتھ ختم ہو گی، جو مسلم ممالک میں خواتین کی ترقی کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک فراہم کرے گا۔

عالمی رپورٹس اور پاکستان کی صورتحال

یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ورلڈ اکنامک فورم ’ڈبلیو ای ایف‘ کی گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2025ء کے مطابق پاکستان 148 ممالک میں نچلے درجے پر رہا ہے، جس میں صنفی برابری کا تناسب 56.7 فیصد دکھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن ‘آئی ایل او’ کے مطابق پاکستان میں ملازمت پیشہ خواتین اپنے مرد ہم منصبوں کے مقابلے میں ماہانہ تقریباً 30 فیصد کم اجرت حاصل کرتی ہیں۔ یہ کانفرنس مسلم ممالک سمیت پاکستان میں بھی خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے میں نئی جہت پیدا کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججوں کی تعیناتی، امیدواروں کے انٹرویوز مکمل

سراج رئیسانی کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، دہشتگرد امن و استحکام کا راستہ نہیں روک سکتے : سرفراز بگٹی

ممبئی کے ریلوے اسٹیشن پر نوجوان لڑکی کے پاؤں سے لپٹ گیا، جذباتی منظر کی ویڈیو وائرل

90 سالہ جرمن کار ساز ادارہ مشکل میں، ووکس ویگن کو ایک لاکھ ملازمتیں کم کرنے کا سامنا

لارڈز میں خواتین کا پہلا ٹیسٹ میچ: بھارت نے انگلینڈ کو 270 رنز سے ہرادیا

ویڈیو

وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ، کون سے نئے چہرے شامل ہونے جا رہے ہیں؟

سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی، کیا صارفین کو واقعی ریلیف ملا ؟

آزاد کشمیر میں ن لیگ حکومت بنانے جارہی ہے، وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، محمد حنیف ملک

کالم / تجزیہ

برداشت کی بھی حد ہوتی ہے

میسی کے گول سے 45 برس بعد کھلنے والا سفارتخانہ

اونٹ کے جسم پر گل کاری کا آرٹ